ریڈیو پاکستان ملک میں تعلیم ، معلومات، تفریح اور فن کے فروغ کا اہم اور بنیادی ادارہ ہے،خورشید احمد ملک

دانشورادیب شاعر، صحافی ہر طبقہ فکر کے کافی افراد کی تعداد اس شعبے سے وابستہ چلی آرہی ہے،ڈی جی ریڈیو پاکستان

جمعہ 13 جنوری 2017 22:50

ریڈیو پاکستان ملک میں تعلیم ، معلومات، تفریح اور فن کے فروغ کا اہم اور ..
ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2017ء) ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل خورشید احمد ملک نے کہا ہے کہ ریڈیو پاکستان ملک میں تعلیم ، معلومات، تفریح اور فن کے فروغ کا اہم ترین اور بنیادی ادارہ ہے ملک کے دانشورادیب شاعر، صحافی ہر طبقہ فکر کے کافی افراد کی تعداد اس شعبے سے وابسطہ چلی آرہی ہے یہ ادارہ علاقائی زبانوں کی ترویج و ترقی میں منفر د کر دار ادا کر رہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریڈیو پاکستان کی 36 ویں سالگرہ و براڈ کاسٹنگ ہائوس کے سنگِ بنیاد اور صوتِ القرآن کے چینل کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر انجیئرنگ محمد خان، کنٹرولر ہوم فیاض بلوچ ، قاسم سیال، رومیل خان، عثمان ثاقب کے علاوہ ریڈیو پاکستان کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ریڈیو رائے عامہ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے یہ ابلاغ کا تیز ترین اور موثر ترین ذریعہ ہے اس لئے اس کی افادیت میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہو رہا ہے ریڈیو پاکستان ڈیرہ اسماعیل خان نے قومی زبان اردو کے علاوہ سرائیکی اور پشتو زبانوں میں نشریات کے ذریعے گزشتہ 36 برس کے دوران شعور وآگہی کی شمعیں روشن کر رکھی ہیں انہوں نے کہا کہ اس وقت سی پیک کا منصوبہ خطے میں تبدیلی کا سب سے بڑا مظہر ہے۔

ریڈیو پاکستان اس منصوبے کے معاشی، معاشرتی ، تہذ یبی اور ثقافتی اثرات کے مختلف پہلوئوں کو پیش کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔ ڈائریکٹر انجنیئرنگ محمد خان نے کہا کہ یہ خوشی کا موقع ہے کہ ریڈیو پاکستان ڈیرہ سے صوت القرآن چینل 93.4 پر نشریات کا آغاز کر رہے ہیں جو کہ علاقہ کی عوام کیلئے مثبت قدم ہے۔ انہوں نے کہا براڈ کاسٹنگ ہائوس کی تعمیر بہت جلدشروع ہو جائے گی۔

تعمیری مراحل کی تکمیل کیلئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے اس موقع پر ڈائریکٹر نیوز (ر) گلزار احمد خان، ابو المعظم ترابی، قاسم سیال، کنٹرلر ہوم فیاض بلوچ نے سالگرہ کے موقع پر ریڈیوپاکستان کے افسران و عملہ کو مبارکباد دی ریڈیو پاکستان ڈیرہ اسماعیل خان کی طرف سے ڈائریکٹر جنرل خورشید احمد ملک کو تحائف پیش کئے گئے اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل نے براڈ کاسٹنگ ہائوس کا سنگِ بنیاد رکھا اور صوت القرآن چینل 93.4 کا افتتاح کیا۔