حکومت پی ڈی ایم اے کو مزید مستحکم کرنے ریسکیو 1122 سروس کو مزید فعال بنانے اور اسے تحصیل کی سطح تک توسیع دینے کیلئے وسائل فراہم کرے گی ،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری

جمعرات 12 جنوری 2017 23:32

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی قابل تعریف ہے حادثات کی صورت میں پی ڈی ایم اے کے تربیت یافتہ عملہ نے کئی قیمتی جانوں کو بچایا ہے حکومت پی ڈی ایم اے کو مزید مستحکم کرنے ریسکیو 1122 سروس کو مزید فعال بنانے اور اسے تحصیل کی سطح تک توسیع دینے کیلئے وسائل فراہم کرے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ڈی ایم اے موبائل سپورٹ یونٹ بس کے افتتاح کے موقع پر دی جانے والی بریفنگ کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر پی ڈی ایم اے و داخلہ میر سرفراز بگٹی ، صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر حامد خان اچکزئی ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو قمر مسعود، ڈی جی پی ڈی ایم بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ موبائل سپورٹ یونٹ بس میں کانفرس روم، ایمر جنسی کنٹرول روم، لیونگ روم، کچن ، باتھ روم، انٹر نیٹ، سولر سسٹم، جنریٹر، یو پی ایس اور ڈرون سسٹم کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں عالمی بینک کے تعاون سے ابتدائی طور پر دو یونٹ تیار کئے گئے ہیں جن پر 3کروڑ روپے سے زائد لاگت آئی ہے۔

ان یونٹس کی تیاری کا مقصد کسی بھی قدرتی آفت اور ہنگامی صورتحال کے دوران امدادی سرگرمیوں کی نگرانی اور رضا کاروں کو معاونت فراہم کرنا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ان یونٹس کی تیاری پر اطمینان اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے ہنگامی صورتحال کے دوران امداد اور ریسکیو کیلئے اہم پیشرفت قرار دیا وزیراعلیٰ بلوچستان نے صوبائی وزیر پی ڈی ایم اے و داخلہ میر سرفراز بگٹی کی زیر نگرانی پی ڈی ایم اے کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزیر نے پی ڈی ایم اے کو پوری طرح فعال کردیا ہے بالخصوص ریسکیو1122سروس کا قیام اور تربیت یافتہ عملہ کی تعیناتی سے قدرتی آفات کے دوران امداد اور ریسکیو کی سرگرمیوں کو یقینی بنانا ممکن ہوسکا ہے۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ریسکیو 1122سروس کا دائرہ کار مزید 6اضلاع خضدار بمقام زہری کراس، قلعہ عبداللہ ، قلعہ سیف اللہ ، سوئی، سبی اور گوادر تک بڑھانے اور ریسکیو1122کوئٹہ کے تربیت یافتہ عملے کی مستقل بنیادوں پر تعیناتی کا اعلان کیا انہوں نے کہا کہ ریسکیو سروس کے نئے مراکز کیلئے مزید بھرتیاں کی جائیں گی اور عملے کی لاہور میں تربیت کی جائے گی اس کے ساتھ ساتھ ہنگامی صورتحال سے موثر طور سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم اے کو بھاری مشینری بھی فراہم کی جائے گی انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے دوران مزید اضلاع میں بھی ریسکیو 1122سروس کا قیام عمل میں لایا جائے گا بعدازاں وزیراعلیٰ بلوچستان نے ضلع خضدارکے خشک سالی سے متاثرہ افراد کی امداد کیلئے امدادی سامان کے چھ ٹرک خضدار روانہ کئے۔

متعلقہ عنوان :