پانامہ پیپرز کے مسئلے پر سیاست چمکانے والے سیاسی عناصر اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قانون و انصاف بیرسٹر ظفراللہ خان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعرات 12 جنوری 2017 23:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2017ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قانون و انصاف بیرسٹر ظفراللہ خان نے کہا ہے کہ پانامہ پیپرز کے مسئلے پر سیاست چمکانے والے سیاسی عناصر اپنے عزائم کے حصول میں کامیاب نہیں ہوں گے، ان عناصر نے آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، بلدیاتی و ضمنی انتخابات کی اپنی انتخابی مہم میں بھی پانامہ لیکس کے مسئلے کو خوب اجاگر کیا اور وزیراعظم محمد نواز شریف پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگاتے رہے لیکن ان تمام انتخابات میں لوگوں نے ایسے عناصر کو یکسر مسترد کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو کامیاب کیا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف اپوزیشن کی دو بڑی جماعتیں ہیں جن میں سے پاکستان پیپلز پارٹی نے ماضی سے سیکھتے ہوئے میثاق جمہوریت پر سائن کیے اس لیے ہمیںیقین ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کے کسی بھی اقدام کی حمایت نہیں کرے گی، پاکستان تحریک انصاف ایک نابالغ سیاسی جماعت ہے جس کا مقصد صرف اقتدار کا حصول ہے۔