آصف زرداری نے وزیراعظم کے ٹیکسٹائل شعبے کیلئے مراعاتی پیکج کو مسترد کردیا

کھاد پر سبسڈی واپس لینا ظالمانہ اور غیرانسانی فیصلہ ہے،صرف پنجاب کے کسانوں کو نوازنے سے بین الصوبائی ہم آہنگی تباہ ہو گی ،حکومت آگ سے کھیل رہی ہے بیرونی دبائو پر قومی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جارہاہے،پیپلزپارٹی ملک کے کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے، سابق صدر کا بیان

جمعرات 12 جنوری 2017 23:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جنوری2017ء) سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے چیئرمین آصف علی زرداری نے وزیراعظم کی جانب سے ٹیکسٹائل شعبے کیلئے اعلان کردہ مراعاتی پیکج کو مسترد کرتے ہوئے اسے اونٹ کے منہ میں زیرہ اور بے حد تاخیر سے کیا گیا فیصلہ قرار دیا ہے۔جاری ایک بیان میں سابق صدر نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے دور حکومت میں پاکستان سخت محنت سے حاصل کی گئی کامیابیاں کھو چکا ہے جو ماضی میں پاکستان پیپلزپارٹی کی صنعت دوست پالیسیوں کے ذریعے حاصل کی گئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے دور حکومت میں ٹیکسٹائل کا شعبہ عروج پر تھا جو جی ڈی پی کا 13.4فیصد تک پہنچ چکا تھا اور اس میں تیزی سے کمی آئی ہے اور 2016ء کے دوران شرح نمو کا صرف 7.8فیصد رہ گیا ہے۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری نے کہا کہ دنیا بھر میں تمام حکومتیں برآمدات کیلئے مراعات دیتی ہیں تاکہ عالمی مارکیٹ میں پاکستان کی اشیاء کو پہنچایا جاسکے جبکہ ہماری حکومت بروقت اقدامات اٹھانے میں ناکام رہی ہے۔

سابق صدر نے حکومت کی جانب سے کھاد پر دی جانے والی سبسڈی واپس لینے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ظالمانہ ، غیرانسانی فیصلہ اور غریب اور ہماری دیہی آبادی کے غیر مراعات یافتہ طبقے کے خلاف سازش ہے۔ان کے خیال میں اس فیصلے سے نہ صرف ملک میں زراعت کا شعبہ بری طرح سے متاثر ہوگا بلکہ دیہی علاقوں میں غربت کی سطح میں بھی اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا فیصلہ کہ وہ صوبہ پنجاب کے کسانوں کو صرف مراعات دے گی،بین الصوبائی ہم آہنگی کو تباہ کرنے کی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف سستے سیاسی فائدے کیلئے نواز حکومت نے ایک طرف کھاد پر دی جانے والی سبسڈی کو ختم کیا ہے جبکہ خفیہ طور پر اپنے سیاسی حلقے پنجاب کے کسانوں کو مراعات دے رہی ہے۔آصف علی زرداری نے خبردار کیا کہ وفاقی حکومت آگ سے کھیل رہی ہے کیونکہ ایسے اقدامات سے صوبوں کے درمیان جھگڑے پیدا ہوں گے اور ہم آہنگی ختم ہوگی اور دیگر تین صوبوں کے لوگوں میں احساس محرومی پیدا ہوگا۔

آصف علی زرداری نے مطالبہ کیا کہ حکومت سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لے،پاکستان پیپلزپارٹی پورے ملک کے کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔سابق صدر کا کہنا تھا کہ یہ خبر زرعی شعبے کیلئے حیران کن ہے کیونکہ وہ یہ توقع نہیں رکھتے تھے کہ حکومت غیر ملکی دبائو میں ایسا فیصلہ لے گی کہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچائے گا ۔ زرعی ماہرین بھی اس جانب اشارہ دے چکے ہیں کہ اس فیصلے سے گنے اور مکئی کی آنے والی فصلوں پر بھی اثرات مرتب ہوں گی۔۔۔(ولی)