وزیر اعظم کادورہ نارووال ، سیالکوٹ انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر، چیئرمین اشرف اعوان اور میئر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ چوہدری توحید اخترنے ان کا استقبال کیا

جمعرات 12 جنوری 2017 23:23

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جنوری2017ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نارووال میں وزیراعظم صحت پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں میں صحت کارڈ تقسیم کرنے کے لیے جب اسلام آباد سے خصوصی طیارے کے ذریعے سیالکوٹ انٹر نیشنل ائر پورٹ پر اترے تو ان کا سیالکوٹ انٹر نیشنل ائرپورٹ کے چیئرمین ملک محمد اشرف اعوان اور میئر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ چوہدری توحید اخترنے ان کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔

چیئرمین ملک محمد اشرف اعوان نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کوسیالکوٹ انٹر نیشنل ائرپورٹ کے نئے تعمیر ہونے والے ٹرمینل2 کا افتتاح اپنے دست مبارک سے کرنے کی دعوت دی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنی مدد آپ کے تحت بنائے جانے والے دنیا کے اس منفرد منصوبے کو ملکی ترقی میں ایک سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ اس منصوبے کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے انہیں یہاں مسافروں کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کے لیے تعمیر کئے جانے والے نئے ٹرمینل کا افتتاح کرکے دلی خوشی ہو گی لہذا وہ اس دعوت کو بصد خوشی قبول کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل اور ڈی پی او ڈاکٹر محمد عابد ، اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال توقیر الیاس چیمہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔