سمیرا ملک نے ضلع کونسل خوشاب کی چیئرپرسن کے عہدے کا حلف اٹھا لیا،

وزیراعظم محمد نواز شریف کے ویژن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا، سمیرا ملک

جمعرات 12 جنوری 2017 23:18

جوہر آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2017ء) سمیرا ملک نے ضلع کونسل خوشاب کی چیئرپرسن اور ملک مسعود نذیر راجڑ نے وائس چیئرمین کے عہدے کا حلف اٹھا لیا،اس سلسلہ میں تقریب ضلع کونسل کمپلیکس جوہرآباد میں منعقد ہوئی جس میں ضلع کونسل کے ارکان‘ بلدیاتی اداروں کے سربراہوں ‘ وکلاء‘ تاجروں‘ صحافیوں اور سرکاری افسران سمیت عمائدین ضلع نے بڑی تعداد میں شرکت کی، تقریب میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر عبدالحمید خان سنبل نے ان سے حلف لیا ، حلف برداری کے بعد ضلع کونسل خوشاب کی چیئرپرسن سمیرا ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ملک کے پسماندہ اور کم ترقی یافتہ علاقوں کی ترقی کے جس پروگرام پر عمل پیرا ہیں وہ اس کی تکمیل کیلئے بھرپور جدوجہد کریں گی، اُنھوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کا مقصد عوام کو صحت‘ تعلیم ‘ صاف پانی اور ذرائع آمدورفت کی سہولیات کی فراہمی ہے، سمیرا ملک نے کہا کہ ضلع خوشاب میں ڈویلپمنٹ کے عمل کو تیز کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں گے اور وزیراعظم محمد نواز شریف کے ویژن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔