Live Updates

وزیر اعظم کا پانامہ کیس سے تعلق نہیں، عمران خان جھوٹ، الزامات اور احتجاجی سیاست کے بادشاہ ہیں،مریم اورنگزیب

چیئرمین پی ٹی آئی کا مقصد پاکستان کے اندر بہتری لانا نہیں ،ملک کی ترقی ،خوشحالی کے ہر منصوبے میں تاخیر کرانا ہے محمد نواز شریف ملک کے تیسری دفعہ منتخب وزیر اعظم ہیں ،ملک کو ایٹمی پروگرام، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، ہیلتھ کیئر پروگرام، پہلی انٹرنل نیشنل سیکورٹی پالیسی دی ،تعلیمی اصلاحات پروگرام کے تحت معیار تعلیم کو بلند کیا، ملک کو ترقی، خوشحالی اور معاشی استحکام دیا، وزیر مملکت اطلاعات کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 12 جنوری 2017 23:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا پانامہ کیس سے کوئی تعلق نہیں، عمران خان جھوٹ، الزامات اور احتجاجی سیاست کے بادشاہ ہیں،ان کا مقصد پاکستان کے اندر بہتری لانا نہیں بلکہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے ہر منصوبے میں تاخیر کرانا ہے،محمد نواز شریف ملک کے تیسری دفعہ منتخب وزیر اعظم ہیں جنہوں نے ایٹمی پروگرام، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، ہیلتھ کیئر پروگرام، پہلی انٹرنل نیشنل سیکورٹی پالیسی دی ،تعلیمی اصلاحات پروگرام کے تحت معیار تعلیم کو بلند کیا، ملک کو ترقی، خوشحالی اور معاشی استحکام دیا۔

جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاناما کیس پر وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن )کا آج بھی وہی موقف ہے جو شر وع دن سے تھاکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کا پاناما کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاناما پیپرز میں جس پراپرٹی کا ذکر آیا ہے اس کا تعلق منی لانڈرنگ ،ٹیکس چوری ، اثاثے چھپانے اور پاکستانی قوم کا پیسہ لوٹنے سے نہیں ہے ، یہی وہ چار جھوٹے الزامات ہیں جس پر عمران خان پہلے دن سے ہی سیاست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف تیسری مرتبہ اس ملک کے منتخب وزیر اعظم بنے ہیں جنہوں نے ملک میں سی پیک اور توانائی کے منصوبہ شروع کیے ، ملک کی ترقی اور خوشحالی وزیر اعظم محمدنواز شریف کی اولین ترجیح ہے ، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ترقی اور خوشحالی کے سفر کو آگے بڑھانے کیلئے تعلیم اور معیشت سمیت تمام شعبوں پر اپنی توجہ مرکوز کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم تعلیمی اصلاحات پروگرام کے ذریعے ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ معیاری تعلیم پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اچھی طرح سے معلوم ہے کہ وہ ان کاموں میں وزیر اعظم کا مقابلہ نہیں کرسکتے کیونکہ ان کا مقصد پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے سفر کو روکنا ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان کو معلوم ہے کہ وہ صرف جھوٹ، الزامات اور احتجاجی سیاست کے بادشاہ ہیں ، انہوں نے کہا کہ وہ خان صاحب کو باور کرانا چاہتی ہوں کہ پاکستان اقتصادی ترقی ، خوشحالی ، امن اور سلامتی کے شعبوں میں پیچھے کی طرف نہیں بلکہ آگے کی طرف بڑھے گا۔

ایک سوال پر وزیر مملکت نے کہا کہ قوم کو اچھی طرح سے معلوم ہے کہ کون سچ بول رہا ہے اور کون جھوٹا ہے اور جو الزامات ثابت نہیں ہوتے وہ جھوٹے ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاناما کیس میں تحریک انصاف نے پورا کیس ان دستاویزات پر لڑا ہے جو ہم نے ہی عدالت عظمیٰ میں جمع کرائے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کی جانب سے چار الزامات لگائے گئے تھے تاہم اب وہ اپنے الزامات کو چھوڑ کر پارلیمان میں وزیر اعظم کی تقریر پر آچکے ہیں ،قوم اور میڈیا کو بھی معلوم ہوا ہے کہ بغیر کسی الزام اور ثبوت کے ملک کے تیسری مرتبہ منتخب وزیر اعظم پر الزامات لگائے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ ان الزامات کی بنیاد پر قبل ازیں پورے ملک اور دارالحکومت کی لاک ڈائون کی کوشش کی گئی ، اس سے پہلے ساڑھے تین سال تک دھاندلی کی گردان الاپتے رہے اور پارلیمنٹ کا بائیکاٹ بھی ہوا لیکن انتخابات میں دھاندلی کے الزامات بھی جھوٹ ہی ثابت ہوئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کا مقصد پاکستان میں بہتری لانا نہیں بلکہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے ہر منصوبے کو روکنا اور اس میں تاخیری حربے استعمال کرنا ہے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات