لاہور بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کی انتخابی مہم اختتام پذیر ہو گئی

جمعرات 12 جنوری 2017 23:11

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2017ء) لاہور بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے سلسلے میں جمعرات کی شام انتخابی مہم دونوں صدور کے راونڈ کے بعد اختتام پذیر ہو گئی۔ الیکشن بورڈ کی جانب سے گذشتہ لاہور بار کی صدارت کے لئے دونوں امیدواروں نے ایوان عدل اور سیشن کورٹس کا دورہ کیا۔ صدارت کے لئے امیدوار ملک ارشد کے ہمراہ سینئر وکلا احسن بھون، سابق سیکرٹری سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آصف محمود چیمہ، برہان معظم ملک، صدر لاہور بار ارشد جہانگیر جھوجھہ، سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن، عابد سققی، جی اے خان طارق، سابق ممبر پنجاب بار کونسل قاضی اویس، و دیگر نے راونڈ میں حصہ لیا جبکہ صدارت کے دوسرے امیدوار تنویر چودھری کے ہمراہ، ممبر پنجاب بار کونسل سرود ملک، سابق صدر لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن شفقت چوہان کے علاوہ وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ تنویر چودھری گذشتہ برس ارشد جہانگیر جھوجھہ سے انتخابات ہار گئے تھے جبکہ اس بار پھر انہوں نے انتخابات میں حصہ لئے اور صدارت کے مضبوط امیدوار نظر آ رہے ہیں۔ سینئر وکلا اور تجزیہ نگاروں کے مطابق صدارت کی نشست پر کانٹے دار مقابلے کا امکان ہے ۔ نائب صدر کی دو نشستوں کے لئے 6 امیدواروں سیدہ تحسین زہرہ کاظمی، ریاض چوہان، عرفان صادق تارڑ، مہر تنویر افتار، مسرت رحمان وڑائچ اور نوید چغتائی کے درمیان مقابلہ ہوگا جبکہ ماڈل ٹائون کی نائب صدر کی ایک نشست کے لئے حسام الدین خان بسریا اور میاں محمد نعیم وٹو نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے الیکشن بورڈ کے چیئرمین کے فیصلے کے مطابق ان دونوں امیدواروں کے درمیان مقابلہ نہیں ہوگا بلکہ چھ چھ ماہ کے لئے یہ امیدوار اپنے عہدے پر کام کریں گے۔

پہلے چھ ماہ میاں محمد نعیم وٹو اور دوسرے چھ ماہ حسام الدین خان لہریا اس عہدے پر کام کریں گے۔سیکرٹری کی دو نشستوں کے لئے بھی 6 امیدواروں اجمل خان کاکڑ، چودھری ایم ایچ شاہین، رانا کاشف سلیم، فرحان مصطفیٰ جعفری، ملک سہیل مدثر اور ملک فیصل اعوان کے درمیان بھی سخت مقابلہ ہوگا۔ لائبریری سیکرٹری کے لئے سمیع اللہ خان اور ملک ممتاز کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہو گا۔

جبکہ جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پر عالیہ عاطف خان، فنانس سیکرٹری کی نشست پر شاہد علی بھٹی اور آڈیٹر کی نشست پر سمنہ طفیل ملک پہلے ہی بلامقابلہ ہو چکے ہیں اس طرح ایگزیکٹو کمیٹی کے 8امیدواروں کو بلامقابلہ کامیاب قرار دیا جا چکا ہے جن میں اظہر ،نیک محمد چودھری، ظفر حسین خان، محسن عارف، محمد انور خان، مظہر محمود بھٹی، ملک محمد عمر مدثر اور میاں واجد علی شامل ہیں بار کے الیکشن کل چودہ جنوری کو سیشن کورٹ کی عمارت میں منعقد ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :