اے این ایف نے 15ارب 30 کروڑ روپے مالیت کی 5.120 ٹن منشیات برآمد کرلی

ملک گیر کاروایئوں میں 4 منشیات اسمگلر گرفتار، ایک گاڑی ضبط

جمعرات 12 جنوری 2017 22:48

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جنوری2017ء) انٹی نارکوٹکس فورس نے قلعہ عبداللہ، شیخوپورہ ، فیصل آبااور سکھر کے علاقوں میں عمل میں لائی گئی 4ملک گیر کامیاب کاروائیوں کے دوران 15ارب 30کروڑبین الااقوامی مالیت کی 5ٹن سے زائد منشیات برآمدکرلیں۔ برآمد شدہ منشیات میں 1.607ٹن ہیروئن ، 3.508 ٹن افیون او ر 5.7 کلو گرام چرس شامل ہے۔

ان کاروائیوں کے دوران منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث4ملزمان کو گرفتارکیاگیا،جبکہ 1گاڑی بھی ضبط کر لی گئی۔تفصیلات کے مطابق اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ اطلاعات پر مبنی ایک کاروائی عمل میں لاتے ہوئے تحصیل کلی روغانی ،ضلع قلعہ عبداللہ میں واقع ایک مقام پر چھپائی گئی 1.606ٹن ہیروئین اور 3.502ٹن افیون قبضے میں لے لی۔ تفصیلات کے مطابق،برآمد شدہ منشیات کسی نا معلوم منزل کی طرف روانہ کی جا نے کی غرض سے چھپائی گئی تھی۔

(جاری ہے)

اے این ایف لاہور نے خانقاہ ڈوگراں انٹر چینج ، شیخوپورہ کے قریب ایک ٹویاٹا کرولا کا ر نمبر ZZ-428 کو روک کر اسکی تلاشی کے دوران اس میں چھپائی گئی 6کلو گرام افیون اور 5 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔ گاڑی میں موجود نوشہرہ کے رہائشی 2ملزمان عبدالولی خٹک اور یوسف کاکا خیل کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا ۔دونوں ملزمان کپڑے کے کاروبارکی آڑمیں منشیات کی سمگلنگ کرتے تھے۔

دوسری کاروائی کے دوران ،اے این ایف لاہور نے فیصل آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ سے سرگودھا کے رہائشی ظہور احمد ماچھی ملزم کے بیگ کی تلاشی کے دوران سامان میں خفیہ طریقے سے چھپائی گئی 1.26 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم پی آئی اے کی پرواز نمبر PK-717 کے ذریعے سعودی عرب روانہ ہو رہا تھا۔اے این ایف سکھر نے آدم شاہ ٹکری شکارپور روڈ سکھر میں دوران کاروائی یاسر رحمان ملزم کے ذاتی قبضے سے 700گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تمام مقدمات CNS Actکے تحت اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیںاور تفتیش جاری ہے مزید انکشافات متوقع ہیں ۔

متعلقہ عنوان :