حکومت ملک میں ٹیکنالوجی اور تحقیق کے کلچر کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،تعلیم کے فروغ میں پاکستان نیوی اور نسٹ کا کردار لائق تحسین ہے ، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین کا پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج کے سالانہ کانوو کیشن سے خطاب

کانوو کیشن میں 361طلبا ء میں ڈگریوں کی تقسیم ،متعلقہ شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 39 طلبا کو میڈلز تفویض

جمعرات 12 جنوری 2017 22:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جنوری2017ء) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہاہے کہ حکومت ملک میں ٹیکنالوجی اور تحقیق کے کلچر کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،تعلیم کے فروغ میں پاکستان نیوی اور نسٹ کا کردار لائق تحسین ہے جمعرات کو پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج کا اٹھائیس واں کانووکیشن یہاں بحریہ آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ مہمان خصوصی کی آمد پر نسٹ یونیورسٹی کے ریکٹر لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نوید زمان اور کمانڈر کراچی رئیر ایڈمرل فرخ احمد نے انہیں خوش آمدید کہا۔ کانوو کیشن میں کل 361طلبا کو ڈگریاں دی گئیں جن میں 80طلبا نے ماسٹرزجبکہ 281طلبا نے انجینئر نگ اور مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی۔

(جاری ہے)

اپنے متعلقہ شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 39 طلبا کو میڈلز بھی تفویض کیے گئے جن میں 20صدارتی گولڈ میڈلز، 6چیف آف دی نیول اسٹاف گولڈ میڈلز، 7چانسلرز سلور میڈلز اور 6 ریکٹر گولڈ میڈلز شامل ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے طلبا کو ان کی پیشہ ورانہ تعلیم کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارک باد پیش کی ۔

انہوں نے نہ صرف پاکستان بلکہ 14دیگر دوست ممالک کی بحری افواج کے لیے کوالٹی انجینئرز کی مسلسل فراہمی پر پاکستان نیوی انجینئر نگ کالج کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کے تدریسی ادارے اپنے طلبا ء میں علمی، پیشہ ورانہ، اخلاقی اور ذہنی و جسمانی صلاحیتیں اجاگر کرنے پر مبارک باد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے انجینئرنگ کی تعلیم کے فروغ میں نسٹ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ نہایت کامیابی کے ساتھ اپنے اہداف حاصل کرتے ہوئے ایک اہم تدریسی ادارے کے طور پر ابھر رہی ہے جس کی پوری توجہ ٹیکنالوجی، جدت اور معاشرتی خدمت پر مرکوز ہے۔

مہمان خصوصی نے مزید کہا کہ حکومت ملک میں ٹیکنالوجی اور تحقیق کے کلچر کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں کالج کے کمانڈنٹ رئیر ایڈمرل ڈاکٹر نصر اکرام نے حاضرین کو آگاہ کیا کہ پی این ای سی کے 33گریجویٹس چین میں ملازمت حاصل کرچکے ہیںجنہیں پیشہ ورانہ ترقی اور تربیت کے لیے چین بھیجا جا چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیوایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ نے نسٹکو دنیا کی 100بہترین جامعات میں شامل کیا ہے۔

ایچ ای سی کی 2015کی رینکنگ کے مطابق نسٹ پہلے نمبر پر ہے جبکہ برکس ممالک ) برازیل،روس،بھارت، چین اور جنوبی افریقہ)کے مطابق بھی اس کا شمار ایشیا کی 20بہترین جامعات میں ہوتا ہے۔ تقریب میں پاک بحریہ کے سینئر افسران اور طلبا کے والدین اور عزیز واقارب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :