پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مقامی افسران ریسٹورنٹس کو باربار چیک کریں ‘بلال یاسین

وزیر اعلی پنجاب کی قیادت میں حکومت پنجاب غذائی اشیاء میں ملاوٹ و جعلسازی کا خاتمہ کرنے کیلئے پر عزم ہیں، وسیع تر انسدادی و قانونی اقدامات کئے جارہے ہیں ملاوٹ مافیا کی بیخ کنی کرکے انسانی صحت کے ان دشمنوں کو قانون کے شکنجے میں لایا جا سکے ‘صوبائی وزیر خوراک

جمعرات 12 جنوری 2017 22:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2017ء) صوبائی وزیرخوراک بلال یٰسین نے دورہ فیصل آباد کے دوران مختلف ہوٹلزو ریسٹورنٹس،فوڈ فیکٹریز و فوڈ سنٹرز پراچانک چھاپے مارے اورچھاپہ مار کارروائی کے دوران گندے ماحول اور ناقص گولی ٹافی اور ملاوٹی مرچ تیار کرنے والی دو فیکٹریوں کو فوری طور پر سیل کر دیا جبکہ ان کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کرانے کا حکم دیا گیا دیگر کارروائی کے دوران دو ریسٹورنٹس کو چیک کرتے ہوئے کھانے پینے کی اشیاء کی تیاری کے ناقص معیار،گندگی،گھٹیا غذائی اجزاء کا استعمال اور کوکنگ سٹاف کی بداحتیاطی سمیت پیورفوڈ ایکٹ کی متعدددیگر خلاف ورزیوں پر ایک ریسٹورنٹ کو پانچ لاکھ جبکہ کے دوسرے کو ایک لاکھ روپے کے موقع پر ہی جرمانے کئے گئے ۔

صوبائی وزیر خوراک نے ڈی گرائونڈ پیپلزکالونی اور جڑانوالہ روڈ پر کوہ نور سنٹر میں بعض فوڈ سنٹرز کو چیک کرتے ہوئے انہیں وارننگ دی جبکہ سمندری روڈ پر ایک گھی ملز کی انسپکشن کے دوران انہیں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایات و رہنمائی کے مطابق مزید اصلاح کرنے کی تاکید کی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر خوراک نے مقبول روڈ پر چناب فوڈز فیکٹری کو چیک کیا تو وہاں صحت و صفائی کی ابتر صورتحال کے علاوہ گولی ٹافی میں ناقص میٹریل اور جعلسازی کرتے ہوئے ایک معروف برانڈ کے لیبلز استعمال اور وہاں پر چائلڈ لیبر ایکٹ کی بھی خلاف ورزی کی جارہی تھی جس پر صوبائی وزیر خوراک نے فیکٹری کو فوری سیل اور موقع سے مالک محمد اقبال کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جبکہ جھنگ روڈ پر ایوب کالونی میں ایک مرچ فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا تو وہاں پر مرچوں میں ملاوٹ کا دھندہ جاری تھا جسے فوری طور پر سیل کرکے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا گیا ۔

صوبائی وزیر خوراک نے الائیڈ ہسپتال کے قریب اکبر آباد چوک میں شہریارریسٹورنٹ اور الخیام ریسٹورنٹ کے کچن کا معائنہ کیا تو فریزر میں باسی کھانے پائے گئے جبکہ کھانوں کی تیاری میں غیر معیاری مصالحہ جات / کلرز ‘ زائد المعیاد غذائی اشیاء استعمال کی جارہی تھیں اور کوکنگ سٹاف کے بڑھے ہوئے ناخنوںاور ہاتھوں پر زخموں کے نشان پائے گئے جو کہ بیماریوں کو پھیلانے کا باعث بنتے ہیں ۔

ان خلاف ورزیوں پر شہر یار ریسٹورنٹ کی انتظامیہ کو پانچ لاکھ روپے اور الخیام ریسٹورنٹ کی انتظامیہ کو ایک لاکھ روپے کے جرمانے کئے گئے ۔صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے انسپکشن کے دوران ریسٹورنٹس و فوڈ سنٹرز انتظامیہ کو اصلاح احوال کی ہدایت کرتے ہوئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مقامی افسران کو حکم دیا کہ وہ ریسٹورنٹس کو باربار چیک کریں تاکہ ناقص خوراک کے فروخت کے ذریعے عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کا محاسبہ اور صحت وصفائی کا معیار بلند ہوسکے۔

صوبائی وزیر خوراک نے اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب غذائی اشیاء میں ملاوٹ و جعلسازی کا خاتمہ کرنے کے لئے انتہائی پر عزم ہیں اس سلسلے میں وسیع تر انسدادی و قانونی اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ ملاوٹ مافیا کی بیخ کنی کرکے انسانی صحت کے ان دشمنوں کو قانون کے شکنجے میں لایا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے ہوٹلز ‘ ریسٹورنٹس ‘ فوڈ سنٹرز ‘ سویٹس اینڈ بیکرز اور کھانے پینے کی دیگر اشیاء تیار کرنے والے اداروں کو مہلت دیتے ہوئے انہیں اصلاح و احوال کے لئے خاطر خواہ وقت دیا گیا تھا جس کے بعد انسپکشنز کا سلسلہ جاری ہے تاکہ انہیں حفظان صحت کے اصولوں کا پوری طرح پابند بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ گندے ماحول ‘ غیر معیاری و زائد المعیاد غذائی اشیاء کا استعمال ‘ ملاوٹ و جعل سازی اور پیور فوڈ ایکٹ کی دیگر خلاف ورزیوں کو قطعا برداشت نہیں کیا جائے گا ۔

اس سلسلے میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مشن کو کامیاب کرکے لوگوں کی صحت کا تحفظ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملاوٹ مافیا و غیر معیاری غذائی اشیاء کی تیاری و فروخت کے خلاف کارروائی کے دوران کسی قسم کا اثر و رسوخ قابل قبول نہیں ہو گا اس سلسلے میں قانون شکنوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی پر یقین رکھتے ہیں ۔ ان چھاپوں کے دوران ڈائریکٹر اپریشن پنجاب فوڈ اتھارٹی میڈم لبنی ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر شہباز سرور ‘ فوڈ سیفی افسران و دیگر سٹاف بھی صوبائی وزیر خوراک کے ہمراہ تھا۔

متعلقہ عنوان :