سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کا سندھ میں پہلی بار وائی فائی دیہات بنانے کا اعلان

جمعرات 12 جنوری 2017 15:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2017ء) سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی نے اپنی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے تحت وطین ٹیلی کام کے ساتھ مل کر سندھ میں پہلی بار وائی فائی دیہات بنانے کا اعلان کیا ہے۔ سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے چیف ایگزیکیٹو شمس الدین شیخ اور اور وطین ٹیلی کام کے چیف جناب رضوان ٹوانہ نے گرین پارک تھر بلاک II تعلقہ اسلام کوٹ میں پریس کانفرنس میں یہ اعلان کیا۔

اس موقع پر شمس الدین شیخ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں تھر بلاک II کے دو دیہاتوں تھاریو ہالیپوٹا اور سینہری درس میں 3 ایم بی کی مفت وائی فائی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں تھر کول بلاک II کے تمام اسکولوں میں یہ سروس مفت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم مقامی بچوں کو بھی تعلیم و تدریس کی وہی سہولیات فراہم کرنے کا عزم کئے ہوئے ہیں جو شہری بچوں کو حاصل ہوتی ہیں تاکہ یہ مستقبل کے معمار پاکستان کو اکیسویں صدی کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پورے تھر بلاک II کو وائی فائی کی سہولت متعارف کروائی جائے اس ضمن میں بنیادی کام کا آغاز ہوچکا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں شمس الدین شیخ نے کہا کہ مفت وائی فائی کی سہولت کمپنی کی جانب سے مقامی آبادی کو دی جانے والی سہولیات میں سے ایک ہے اور کمپنی اپنی کارپوریٹ سماجی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔

10 ہزار نفوس پر مشتمل مقامی آبادی کے لئے ہم پہلے ہی معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے ایک جامع کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کی منصوبہ بندی پر عمل درآمد کر رہے ہیں جس میں صحت کی سہولیات اعلیٰ تعلیم اور پینے کے صاف پانی کی سہولیات پر بھرپور کام کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہونہار طالب علموں اور تھر کے ٹرینی انجینئرز کے لئے تعلیمی وظائف بھی دئیے جارہے ہیں۔

میڈیا کے نمائندگان سے بات کرتے ہوئے رضوان ٹوانہ نے کہا کہ تھر بلاک II تک فائبر آپٹک کیبل بچھانا آسان کام نہیں تھا، لیکن عوام کی بہتری کی خاطر ہم نے یہ ٹاسک بخوبی مکمل کیا۔ ایس ای سی ایم سی کے ساتھ شراکت داری کی بدولت ہم دور دراز کے علاقوں تک بھی انٹرنیٹ کی سروس فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ وطین پاکستان بھر میں 25000 کلومیٹر طویل فائبر آپٹک کیبل کا نیٹ ورک بنا چکی ہے جو تھر میں مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :