مشرقی افغانستان میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں حقانی نیٹ ورک کے دو کمانڈروں سمیت 4 عسکریت پسند ہلاک ،فر ح میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں دوخواتین ہلاک ، زابل میں طالبان کے حملے میں 7پولیس اہلکار ہلاک ،طالبان نے مغوی امریکی اورآسٹریلوی پروفیسروں کی ویڈیو جاری کردی

جمعرات 12 جنوری 2017 12:07

کابل ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2017ء) مشرقی افغانستان میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں حقانی نیٹ ورک کے دو کمانڈروں سمیت 4 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے، ہ فر ح میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں دوخواتین ہلاک ہوگئیں، زابل میں طالبان کے حملے میں 7پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے،طالبان نے مغوی امریکی اورآسٹریلوی پروفیسروں کی ویڈیو جاری کردی۔

افغان میڈیا کے مطابق افغان حکام نے بتایا کہ گزشتہ روز مشرقی صوبہ خوست کے ضلع صابری میں امریکی جاسوس طیارے نے عسکریت پسندوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا ۔اس حملے میں حقانی نیٹ ورک کے دو کمانڈروں سمیت 4 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔حملے میں ہلاک ہونے والے عسکریت پسندوں کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔صوبہ فر ح میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں دوخواتین ہلاک ہوگئیں۔

(جاری ہے)

جنوبہ صوبہ زابل میں طالبان کے حملے میں 7پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔حکام نے بتایا کہ طالبان نے قلات کے قریب پولیس کی ایک پارٹی پر حملہ کردیا۔حکام کے مطابق اس حملے میں 7پولیس اہلکار ہلاک اورکئی زخمی ہوگئے۔مشرقی صوبہ ننگرہار میں دو الگ الگ بم دھماکوں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور9 دیگر افراد زخمی ہوگئے۔دونوں دھماکے ضلع کوٹ میں ہوئے۔مغربی صوبہ ہرات میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کے الزام میں تین ایرانی شہریوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ گرفتار ہونے والے افراد عسکری اور دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔دریں اثناء طالبان نے مغوی امریکی اورآسٹریلوی پروفیسروں کی ویڈیو جاری کردی ہے۔13منٹ کی اس ویڈیو میں دونوں مغوی اپنی رہائی کیلئے اپیلیں کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔دونوں پروفیسروں کو کچھ عرصہ قبل اغواے کرلیا گیا تھا۔