وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی سرکلر ریلوے کی فزیبلٹی کی تیاری کے لئے 45ملین روپے کی منظوری دی

بدھ 11 جنوری 2017 23:03

ْ کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی سرکلر ریلوے کی فزیبلٹی کی تیاری کے لئے 45ملین روپے کی منظوری دی ہے اور اس کے روٹس سے تجاوزات کے خاتمے کا بھی حکم دیا ہے تاکہ منصوبے پر سی پیک کے ذریعے کام کا آغا ز ہو سکے ۔ انہوںنے یہ حکم بدھ کے روز نیو سندھ سیکریٹریٹ میں کے سی آر پر منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیا ۔

اجلاس میںصوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید ناصر شاہ ، اے سی ایس (ترقیات) محمد وسیم ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ طحہ فاروقی ، سیکریٹری خزانہ حسن نقوی ، ڈی ایس ریلوے نثار میمن و دیگر نے شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ناصر شاہ نے کہاکہ کے سی آر منصوبے کی مجموعی لمبائی 43کلو میٹر ہے جس میں سے 13.43 کلومیٹر ریلوے کی مین لائن پر ہے اور 29.69 کلومیٹر کے سی آر کی لوپ لائن پر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ انہوںنے گذشتہ روز کے سی آر کے مکمل روٹ کا دورہ کیا تھا اور انہوں نے روٹ کے ساتھ تجاوزات پائیں ۔ ڈی ایس ریلوے کراچی نثار میمن نے وزیراعلیٰ سندھ کو تجاوزات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ کے سی آر منصوبے کے لئے مجموعی طور پر 360 ایکڑ رقبہ درکار ہے جس میں سے 260 ایکڑ پاکستان ریلویز کی زمین ہے اور 100ایکڑ مین لائن پر ہے ۔

انہوںنے کہاکہ 67ایکڑ پر تجا وزات ہیں جس میں 47ایکڑ کے سی آر لوپ لائن پر ہے اور 20ایکڑ مین لائن کے ساتھ ہے ۔انہوںنے کہاکہ قبضہ کی گئی زمین پر 4653 گھر تعمیر کئے گئے ہیں اور 2997 دیگر تجاوزات ہیں ۔اس طرح سے کے سی آر کے 20فیصد حصے پر تجا وزات ہیں اس منصوبے پر اسی صورت میں عمل درآمد ہو سکتا ہے کہ اس کے روٹ سے تجاوزات کا خاتمہ کر دیا جائے ۔کے سی آر لوپ سیکشن پر قائم تجا وزات کی تفصیلات بتا تے ہوئے ۔

انہوںنے کہاکہ وزیر مینشن پر 29.28 کے سی آر کی زمین پر قبضہ ہے ، وزیر مینشن تا بلدیہ 0.82 ایکڑ ، اورنگی نالہ کے نزدیک 1.91ایکڑ ، اورنگی تا ناظم آباد 1.44ایکڑ ، ناظم آباد -لیاقت آباد 2.36ایکڑ ، لیاقت آباد تا گیلانی 3.16ایکڑ ، گیلانی تا اردو کالج 2.05 ایکڑ ، اردو کالج تا یونیورسٹی 4.16ایکڑ ، یونیورسٹی تا ڈیپاٹ ہل 0.91 ایکڑ پر تجاوزات قائم ہیں ۔ وزیراعلیٰ سندھ کو یہ بھی بتایا گیا کہ کے سی آر کی مین لائن پر تجا وزات کی تفصیلات اس طرح ہیں کہ مجموعی طور پر 20.647 ایکڑ جس میں ٹاور تا کراچی سٹی 0.46ایکڑ ، کراچی سٹی تا کراچی کینٹ اسٹیشن 1.67 ایکڑ ، کراچی کینٹ تا چینیسر ہالٹ 5.837 ایکڑ ، چینیسر ہالٹ تا ڈیپارچر یارڈ 11.77 ایکڑاور ڈیپارچر یارڈ تا ڈرگ روڈ 2.63ایکڑ شامل ہیںجن پر تجاوزات قائم ہیں ۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی اعجاز خان کو ہدایت کی کہ وہ تمام ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ اجلاس منعقد کریں اور کے سی آر کے روٹ سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے پلان ترتیب دیں اور سات دن کے ا ندر رپورٹ پیش کریں ۔انہوںنے سیکریٹری خزانہ کو بھی ہدایت کی کہ وہ کے سی آر کی فزیبلٹی کے لئے 45ملین روپے جاری کر دیں ۔ انہوںنے کہاکہ کے سی آر کی فزیبلٹی (JCC ) میں پیش کرنا ہے تاکہ اسے سی پیک منصوبوں میں لیا جا سکے ۔ انہوںنے اے سی ایس (ترقیات) محمد وسیم کو بھی ہدایت کی کہ وہ خود مختار گارنٹی کے اجراء کے لئے وفاقی حکومت کے ساتھ رابطہ کریں ۔ #

متعلقہ عنوان :