اسلام آباد ہائی کورٹ، سابق آرمی چیف کی تصاویر والے متنازعہ بینرز آویزاں کرنے پر درج مقدمہ خارج کرنے کا فیصلہ

بدھ 11 جنوری 2017 22:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی تصاویر والے متنازعہ بینرز آویزاں کرنے پر درج مقدمہ خارج کرنے کا فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے مذکورہ مقدمے میں ٹرائل کورٹ میں پیش کئے گئے چالان اور دیگر کارروائی کو بھی غیر قانونی قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

تھانہ سیکرٹریٹ میں درج ایف آئی آر نمبر 100/16 کے اخراج کے لئے موو آن پاکستان کے چیئرمین محمد کامران ، سنٹرل آرگنائزر علی رضا اور کارکن آصف اقبال نے رٹ پٹیشن دائر کی تھی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے مذکورہ درخواست پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ چیف کمشنر اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد ’’اب آ جائو‘‘ جملے کے پیچھے کسی سازش یا غداری کو ثابت نہیں کر سکے۔