قاضی حسین احمد جماعت اسلامی کا اثاثہ ہی نہیں ملت اسلامیہ کا سرمایہ بھی تھے

جماعت اسلامی ضلع جیکب آباد کے امیرمولانا عبدالحفیظ بجارانی کی میڈیا سے بات چیت

بدھ 11 جنوری 2017 22:14

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جنوری2017ء) جماعت اسلامی ضلع جیکب آباد کے امیرمولانا عبدالحفیظ بجارانی نے کہا ہے کہ قاضی حسین احمد جماعت اسلامی کا اثاثہ ہی نہیں ملت اسلامیہ کا سرمایہ بھی تھے، انہوں نے حقیقی معنوں میں مجاہدانہ کردار اداکیا، قاضی حسین احمد کا خلاکبھی پر نہیں ہوسکتا، وہ ایک نڈر سیاستدان تھے،ہمیشہ حق کی بات کرتے اور اتحاد امت کے لئے جدوجہد ان کی زندگی کا مشن تھا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب جیکب آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ قاضی حسین احمد مرحوم پاکستان کو اسلامی ریاست دیکھنا چاہتے تھے۔

(جاری ہے)

وہ امت مسلمہ کے رہنما کی حیثیت سے پورے عالم اسلام میں جانے جاتے تھے،ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی، مسلکی اختلافات کو ختم کرنے اور پوری قوم کو ایک لڑی میں پرونے کے لئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، وہ اپنوں بیگانوں سب کے لئے محبت کا سرچشمہ تھے۔ قاضی حسین احمدکی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،وہ ایک ہمہ گیر شخصیت کے مالک تھے،انہوں نے کہاکہ قاضی حسین احمد کے مشن کو جاری رکھا جائے گا، انشا اللہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان میں اسلامی نظام کا نفاز ہوگا اور ملک اسلام کا مضبوط قلعہ بن جائے گا۔