خواتین کے تحفظ کے لئے ’’ ویمن سیفٹی ایپ‘‘تیار کر لی گئی ، باضابطہ افتتاحی تقریب (آج) ہو گی

کوئی بھی خاتون تنگ کیے جانے پر اپنے فون سے صرف ایپ کا بٹن دبائے گی وہاں کوئیک رسپونس فورس ،ڈولفن یا دیگر فورس مدد کو پہنچ جائیگی خاتون آفیسر کو جنسی طورپر ہراساں کیے جانے کی درخواست وزیر اعلیٰ سیل تک پہنچا دی ،کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائیگی ‘وزیر اعلیٰ پنجاب سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ سلمان صوفی ،فوزیہ وقار اور اکبر نا صر کی پریس کانفرنس

بدھ 11 جنوری 2017 22:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب کے سپیشل مانیٹرنگ یونٹ ، پنجاب کمیشن فار سٹیٹس آف ویمن اور پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے باہمی اشتراک سے خواتین کے تحفظ کے لئے ’’ ویمن سیفٹی ایپ‘‘تیار کر لی گئی ، باضابطہ افتتاحی تقریب آج ( بدھ ) ہو گی‘ اگر کسی بھی جگہ خاتون کو تنگ کیا جا رہا ہے تو وہ اپنے فون سے صرف اس ایپ کا بٹن دبائے گی اور وہاں کوئیک رسپونس فورس ،ڈولفن یا دیگر فورس مدد کو پہنچ جائے گی ،اعلیٰ سرکاری عہدے پر فائز خاتون آفیسر کو جنسی طورپر ہراساں کیے جانے کی درخواست وزیر اعلیٰ سیل تک پہنچا دی گئی ہے ، جو بھی ذمہ دار ہوگا اس سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی ، ملتان میں تحفظ خواتین کے مرکز میں خواتین پر تشددکرنیوالے مردوں کوکڑا پہنایا جائے گا اور چِپ بھی لگائی جائے گی ، 60سالہ خاتون کی ہلاکت کا از خود نوٹس لے لیا ہے، تحقیقات جا ری ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ پنجاب سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ سلمان صوفی ،چیئرپرسن پنجاب کمیشن فار سٹیٹس آف ویمن فوزیہ وقار اور انچار ج پنجاب سیف سٹی اتھارٹی ایپ ڈویلپمنٹ اکبر نا صر نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پبلک ریلیشنز کے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ سربراہ وزیر اعلیٰ پنجاب سپیشل مانیٹرنگ یونٹ سلمان صوفی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے سپیشل مانیٹرنگ یونٹ ، پنجاب کمیشن فار سٹیٹس آف ویمن اور پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے باہمی اشتراک سے خواتین کے تحفظ کیلئے ویمن سیفٹی ایپ تیار کر لی گئی ہے جس کی باضابطہ افتتاحی تقریب آج بروز بدھ الحمراء ہال میں ہوگی ۔

تقریب کی مہمان خصوصی صوبائی وزیر بیگم ذکیہ شاہنواز اور بیگم حمیدہ وحید الدین ہو ں گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور بھر میں کسی بھی جگہ اگر کسی خاتون کو تنگ کیا جا رہا ہے تو وہ اپنے فون سے صرف اس ایپ کا بٹن دبائے گی اور وہاں کوئیک رسپونس فورس ،ڈولفن یا دیگر فورس اس کی مدد کو پہنچ جائے گی ، اس بٹن کو سیف سٹی پراجیکٹ سے منسلک کیا گیا ہے جس سے متاثرہ خاتون کی لو کیشن فوراً پو لیس کے سامنے آجائے گی اور اس کی بروقت مدد ہو سکے گی ۔

ایک سوال کے جواب میں سلمان صوفی نے کہا کہ اعلیٰ سرکاری عہدے پر فائز خاتون آفیسر کو جنسی طورپر ہراساں کیے جانے کی درخواست وزیر اعلیٰ سیل تک پہنچا دی گئی ہے ، اس پر تحقیقات جا ری ہیں ، جو بھی ذمہ دار ہوگا اس سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ملزمان کو قرارواقعی سزا دی جائے گی ، ہم براہ راست متاثرہ خاتون سے براہ راست رابطے میں ہیں ۔

60سالہ خاتون کی ہلاکت کا از خود نوٹس لے لیا ہے، تحقیقات جا ری ہیں ۔ عنقریب ملتان میں تحفظ خواتین کے مرکز کا افتتاح ہوگا اس میں خواتین پر تشددکرنیوالے مردوں کوکڑا پہنایا جائے گا اور چِپ بھی لگائی جائے گی ، تحفظ خواتین بل کے حوالے سے مولانا فضل الرحمن کے تمام تحفظات دور کیے جا چکے ہیں ۔ چیئرپرسن فار پنجاب کمیشن فار سٹیٹس آف ویمن فوزیہ وقار نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کی آگاہی مہم چلانے سے خواتین کی شکایات کے موصول ہونے کا تناسب 400فیصد بڑھ گیا ہے اور اتنی ہی تیزی سے ان کا ازالہ بھی کیا جا رہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :