سائیٹ ایریا حیدرآباد میں ماحولیات کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر مختلف ملوں کا پیداواری عمل بند کروادیا ہے، منیر احمد عباسی

بدھ 11 جنوری 2017 21:58

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء) ڈائریکٹر جنرل سندھ ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ (ای پی اے ) نعیم احمد مغل کی ہدایت پرای پی اے حیدرآباد ریجن کے انچارچ منیر احمد عباسی کی سربراہی میں پولیس کی مدد سے سائیٹ ایریا حیدرآباد میں ماحولیات کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر مختلف ملوں کا پیداواری عمل بند کروادیا ہے جن میں حاجی شفیع پیپر مل ، حاجی علاؤالدین (پرائم پیپر مل) پاکستان بیوریجز لمٹیڈ( پیپسی کولا بوٹلرز) اور اسٹینڈرڈرگ کمپنی شامل ہیں اس موقع پر منیر احمد عباسی نے بتایا کہ فیکٹریوں کا آلودہ پانی پھلیلی کینال میں خارج کرنے کی وجہ سے زیریں سندھ کے لوگوں کے لیے صحت کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں جبکہ فیکٹری ومل مالکان کو متعدد بار ادارہ تحفظ ماحولیات کی جانب سے تنبیہ بھی کی جاتی رہی ہے تاہم ملزانتظامیہ کو انسانوں کی زندگی اور صحت کی کوئی بھی فکر نہیں ہے اور انہوں نے اپنی فیکٹریوںمیں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ نہیں لگائے جس کی وجہ سے ان کا پیدواری عمل روک دیا گیا ہے انہوں نے اس موقع پر مذکورہ ملزکی انتظامیہ کو ماحولیاتی ایکٹ سے متعلق آگاہی دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ماحولیات کی تحفظ کے ایکٹ 2014 پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور فیکٹریوںوملز سے نکلنے والا آلودہ پانی بغیر ٹریٹمنٹ کے نہروں میں نہ چھوڑا جائے کیوں کہ زیریں سندھ کے لوگوں کی صحت اور آبی حیات کو خطرہ ہے انہوں نے ہدایت کی کہ ماحولیاتی آلودگی کو روکنے کے لیے ضروری ہے کہ فیکٹریوںو ملز میں ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائے جائیں جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اس موقع پر سائیٹ ایسوسی ایشن کے صدر عامر شہاب ، ایس ایچ او ٹنڈو یوسف نثار احمد ہالیپوٹو بھی موجود تھے ۔