جاپانی قونصل جنرل کا کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کا دورہ

پاکستان میں حالات بہتر ہیں ، جاپانی کمپنیاں سرمایہ کاری کرنے کی خواہاں ہیں ، توشی کازو ایسو مورا پاک جاپان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے جیٹرو کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں ، قونصل جنرل دونوں ممالک کے مابین تجارتی و صنعتی تعاون میں اضافے کی ضرورت ہے جس کے بے پناہ مواقع بھی موجود ہیں، صدر کاٹی

بدھ 11 جنوری 2017 21:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جنوری2017ء)جاپانی قونصل جنرل توشی کازو ایسومورا نے کہا ہے کہ حالات میں بہتری کو دیکھتے ہوئے جاپانی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہاں ہیں اور مستقبل میں اس حوالے سے اہم پیش رفت ہونے کی توقع ہے۔ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے دورے کے موقعے پر اظہار خیال کرتے ہوئے جاپانی قونصل جنرل توشی کازور کا کہنا تھا کہ پاک جاپان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے جاپان ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائزیشن (جیٹرو ) کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں اور ہم پاکستانی تاجروں سے مکمل تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

اس موقع پر کاٹی کے صدر مسعود نقی نے جاپانی قونصل جنرل کو کاٹی آنے پر خوش آمدید کہا اور انھیں کورنگی صنعتی علاقے کی پیداواری صلاحیت اور یہاں سرمایہ کاری کے مواقع سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

مسعود نقی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی و صنعتی تعاون میں اضافے کی ضرورت ہے جس کے بے پناہ مواقع بھی موجود ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کاٹی کے فورم سے پاک جاپان دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

مسعود نقی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں جاپان صنعتی ٹیکنالوجی اور شہر کے انفرااسٹرکچر کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرے۔ اس موقع پر کاٹی کے ارکان نے پاکستان کے صنعتی شعبے میں جاپان کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع اور دو طرفہ تجارت کے فروغ سے متعلق تجاویز بھی دیں۔ جاپانی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ 2002کے بعد پاکستان میں پیدا ہونے والے حالات کی وجہ سے جاپانی کمپنیوں نے خطے کے دیگر ممالک کی جانب رُخ کیا، لیکن گذشتہ چند برسوں میں آنے والی بہتری کے باعث پاکستان میں جاپانی کمپنیوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور توقع ہے کہ حالات میں مزید بہتری کے ساتھ ساتھ ایک بار پھر جاپانی صنعت کار اور سرمایہ کار پاکستان کا رُخ کریں گے۔

قبل ازیں کاٹی کے سینیر نائب صدر غضنفر علی خان، نائب صدر عمر ریحان، زبیر چھایا، گلزار فیروز اور کاٹی کے دیگر عہدے داران و ارکان نے جاپانی قونصل جنرل کو پاک جاپان تجارتی تعلقات میں فروغ کے لیے تجاویز سے آگاہ کیا۔ حاضرین نے معزز مہمان کی رواں اردو پر بھی خوشی کا اظہار کیا اور اسے دونوں ممالک کے مابین گہرے دوستانہ تعلقات کے لیے نیک شگون قرار دیا۔