وزیراعلی سندھ نے سرکلر ریلوے کی فزیبلیٹی کیلئے 4 کروڑ روپے کی منظوری دے دی

سرکلر ریلوے کے روٹ پر قائم تمام تجاوزات ایک ہفتہ میں ختم کرنے کی ہدایت

بدھ 11 جنوری 2017 18:28

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی سرکلر ریلوے کی فزیبلیٹی بنانے کیلئے 4 کروڑ روپے کی منظوری دے دی، ساتھ ہی کمشنر کراچی کو سرکلر ریلوے کے روٹ پر قائم تمام تجاوزات ایک ہفتے میں ختم کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت بدھ کو سندھ سیکرٹریٹ میں کراچی سرکلر ریلوے پر اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیر ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ ڈی ایس ریلوے کراچی ڈویژن نثار میمن، ڈی سی او ریلوے ناصر نذیر، کمشنر کراچی اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈی ایس ریلوے کراچی ڈویژن نثار میمن نے سرکلر ریلوے کی زمین پر قبضے کی رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ کے سی آر کی کل اراضی 360 ایکڑ ہے جس سے قبضہ ختم کرانے کیلئے 5 ہزار 653 گھر مسمار کرنے ہونگے بقیہ 2 ہزار 997 گھروں کے علاوہ دوسرے قسم کے قبضے بھی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی ایس ریلوے نے مزید بتایا کہ کراچی سرکلر ریلوے کے لیے 360 ایکڑ زمین کی ضرورت ہے، اس منصوبے کی لاگت 2 ارب 60 کروڑ ڈالر ہے۔ اس موقع پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کے سی آر پر سپریم کورٹ کا تجاوزات کو ہٹانے کے لیے بھی حکم موجود ہے، کمشنر کراچی تمام ڈپٹی کمشنرز سے میٹنگ کریں اور تجاوزات کو ہٹانے کی منصوبہ بندی بنائیں، جے سی سی نے تین ماہ میں کراچی سرکلر ریلوے کی فزیبلٹی مانگی ہے اس ہدف کو عبور کرنا ہے، اس معاملے میں کوئی کوتاہی قابل قبول نہیں ہوگی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے سرکلر ریلوے کی فزیبلیٹی بنانے کیلئے 4 کروڑ روپے منظور کردیئے۔

متعلقہ عنوان :