اورنج لائن منصوبے کیلئے درآمد کئے جانے والے سامان پر کسٹم ڈیوٹی معاف کر دی گئی ‘ خواجہ احمد حسان

پیکج ٹو پر تعمیراتی کام دن رات جاری ہے۔ مجموعی طور پر منصوبے کا59فیصد تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا ‘چیئرمین سٹیئر نگ کمیٹی

بدھ 11 جنوری 2017 17:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2017ء) سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے لئے در آمد کی جانے والی مشینری اور دیگر سامان پر کسٹم ڈیوٹی معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو ایک حوصلہ افزا امر ہے ۔ چوبرجی سے علی ٹائون تک منصوبے کے پیکج ٹو پر تعمیراتی کام دن رات جاری ہے ‘ٹرین کے ٹریک کے علاوہ اس حصے میں بنائے جانے والے 13بالائے زمین سٹیشنوں کی تعمیربھی بیک وقت شروع کر دی گئی ہے ۔

پری کاسٹ کئے جانے والے حصوں کی تیاری کے لئے بیرون ملک سے سانچے در آمد کرنے کا آرڈر دے دیا گیا ہے ۔ وہ گزشتہ روز اورنج لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے - اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طور پر اورنج لائن میٹرو منصوبے کا59فیصد تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا ہے -ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا 74 فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹائون تک پیکیج ٹو کا 44فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا 60.3فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا57.5فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ موسم سرما کے دوران لاہور میںگزشتہ سال کی نسبت 15ملین کیوبک فٹ گیس زیادہ فراہم کی جارہی ہے جبکہ تیس سے زائد ایمرجنسی ٹیمیں بھی شہر میں چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہیں۔ کم گیس پریشر کی شکایات پر ایک کروڑ 31لاکھ روپے کی لاگت سے شہر کے مختلف علاقوں میں 17300میٹرز کی نئی گیس پائپ لائنیں بچھانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے جو ایک ماہ میں مکمل ہوگا ۔

خواجہ احمد حسان نے ہدایت کی کہ اورنج لائن منصوبے کے کنٹریکٹرز کام کی رفتار اور معیار کو مزید بہتر کریں اور زیر تعمیر حصوں کی تکمیل کے لئے ڈیڈ لائن مقرر کریں۔ تمام متعلقہ سرکاری محکموں کے افسران اور سٹاف عوامی خدمت کے جذبے سے کام کریں اور تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران یوٹیلٹی سروسز کی بلا تعطل فراہمی کو اولین اہمیت دیں۔ اجلاس میں ایم پی اے چودھری شہباز ‘ ڈپٹی میئرز میاں محمد طارق اور اعجاز حفیظ ‘سیکرٹری انفراسٹرکچر سی ایم سیکرٹریٹ خواجہ عمران رضا ‘ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر)احمد مبین ‘چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید‘ چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن اور پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی ‘ نیسپاک‘ لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس ‘ ریلوے‘ ٹریفک پولیس ‘سول ڈیفنس‘ریسکیو112 اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نک کنسلٹنس کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی ۔