ٹراما سنٹر کی تکمیل 14 مئی سے قبل یقینی بنا کر ایمرجنسی مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں، اکبر ایوب خان

بدھ 11 جنوری 2017 17:30

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء) صوبائی مشیر مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ صحت کی جدید ترین سہولیات کی فراہمی اور ایمرجنسی کیس دیگر شہروں کی طرف ریفر کرنے کا خاتمہ ہماری اولین ترجیحات کا حصہ ہے، ٹراما سنٹر کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کر کے ایمرجنسی مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹراما سنٹر کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ایس ڈی او انعام الحق، انجینئر شاہد محمود، بابو خان ترند، ملک عدیل ارشد، اے ڈی ایچ اور انچارج ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر دلداد بھی موجود تھے۔اس موقع پر 6 کروڑ کی لاگت سے تعمیر ہونے والے ٹراما سنٹر بابت سی اینڈ ڈبلیو انجینئرنگ سٹاف نے نقشہ کی مدد سے مشیر مواصلات کو تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ٹراما سنٹر میں الٹرا سائونڈ، ای سی جی، ایکسرے سمیت دیگر تمام سہولیات مہیا کی جائیں گی۔

ڈاکٹر دلدار نے صوبائی مشیر مواصلات کو بتایا کہ ٹراما سنٹر میں لیبارٹری، مردہ خانے کے کولڈ سٹوریج، ایمبولینس شیڈ، پولیس رپورٹنگ روم اور ڈرائیور روم کی تعمیر کو بھی اہم ضرورت قرار دیا ہے۔ صوبائی مشیر مواصلات اکبر ایوب نے کہا کہ ایم ایس ٹراما سنٹر کی تکمیل 14 مئی سے قبل یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ضروری آلات کی خریداری اور دیگر سامان کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔