پہاڑ خانپور کی2 یونین کونسلوں کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے منسلک کرنے کا حتمی فیصلہ

بدھ 11 جنوری 2017 15:23

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء) پہاڑ خانپور کی دو یونین کونسلوں کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے منسلک کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے، وفاقی حکومت نے سی ڈی اے کو ابتدائی جائزہ رپورٹ تیار کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں، وفاقی دارالحکومت میں شمولیت کے بعد ان پہاڑی علاقوں میں سیاحتی مراکز قائم کئے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد توسیعی منصوبہ کے تحت علاقہ پہاڑ خانپور کی دو یونین کونسلوں کو وفاقی دارالحکومت میں شامل کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی حکومت نے اسلام آباد توسیعی منصوبہ کے تحت سی ڈی اے کو علاقہ پہاڑ خانپور کی یونین کونسل مسلم آباد اور یونین کونسل نجف پور کو وفاقی دارالحکومت میں شامل کرنے کیلئے ابتدائی جائزہ رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ وفاقی حکومت اسلام آباد کی سرحد سے منسلک ان پہاڑوں پر بڑے سیاحتی مراکز قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاہم یہاں یہ امر انتہائی قابل ذکر ہے کہ ان سے قبل بھی متعدد بار وفاقی حکومت نے علاقہ خانپور کی چار یونین کونسلوں کو دارالحکومت میں شامل کرنے پر غور کیا تھا تاہم بعد ازاں وفاقی حکومتوں نے بعض قانونی پیچیدگی کی وجہ سے مذکورہ منصوبہ جات کو موخر کر دیا تھا مگر اس مرتبہ چار کی بجائے ان دو یونین کونسلوں کو اسلام آباد میں شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جہاں اکثریت رقبہ بلند و بانگ پہاڑوں پر مشتمل ہے، یہی وجہ ہے کہ حکومت ان قدرتی مناظرے سے مالا مال پہاڑوں پر بڑے سیاحتی مراکز قائم کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :