پیپلز پارٹی نے ٹیکسٹائل پیکیج کو مسترد کردیا ہے،، سینیٹر سلیم مانڈوی والا

بدھ 11 جنوری 2017 15:04

پیپلز پارٹی نے ٹیکسٹائل پیکیج کو مسترد کردیا ہے،، سینیٹر سلیم مانڈوی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ٹیکسٹائل پیکیج کو مسترد کردیا ہے۔ ٹیکسٹائل پیکیج ایک ڈرامہ ہے۔اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل پیکیج الیکشن مہم کے طور پر استعمال کیا جائے گا ۔ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے بجلی اور گیس کی قیمت ناقابل برداشت ہو چکی ہے۔

ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بجلی گیارہ سینٹ فی یونٹ میں دی جارہی ہے جبکہ خطے کے باقی ممالک میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بجلی سات سینٹ فی یونٹ فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کے ٹیکس ری فنڈز کے لیے ایف بی آر کا نظام ٹھیک نہیں کیا ۔ٹیکسٹائل انڈسٹری کے ری فنڈز آج تک ادا نہیں کیے گئے۔

(جاری ہے)

ٹیکس ری بیٹس کے نام صنعتکاروں کو دھوکہ دیا جا رہا ہے ٹیکسٹائل پیکیج تاجروں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے جاری کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایل این جی سے صنعتوں کو فراہم کی جانیوالی بجلی کی قیمت ناقابل برداشت ہے حکومت کے پاس برآمدات کو بڑھانے کا کوئی پلان نہیں ہے ۔ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ رواں سال ملکی تجارتی خسارہ 20 ارب ڈالرز سے تجاوز کر رہا ہے۔ ملک بھر میں 450 ٹیکسٹائل ملیں بند ہوچکی ہے ۔ ساڑھے چار سو ٹیکسٹائل ملز کی بندش کے بعد حکومت کو ہوش آیا ہے۔ تین سال میں ملکی بر آمدات میں پانچ ارب ڈالرز سے زائد کی کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کپاس کی برآمد کی حوصلہ شکنی کر رہی ہے جان بوجھ کر کپاس کی درآمد کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔کپاس کی درآمد بڑھانے سے کسانوں کا معاشی قتل کیا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :