لاہور ہائیکورٹ کا دریائے راوی کے پانی کی صفائی کیلئے بنائے گئے منصوبے پر فوری عمل درآمد کا حکم

بدھ 11 جنوری 2017 15:00

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے دریائے راوی کے پانی کی صفائی کیلئے بنائے گئے منصوبے پر فوری عمل درآمد کا حکم دیتے ہوئے منصوبے پر شروع کئے جانے والے کام کی عبوری رپورٹ بیس جنوری کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دریائے راوی میں لاہور کا گندا پانی فلٹر کئے بغیر بہایا جا رہا ہے اور دریا ایک گندے نالے کا منظر پیش کر رہا ہے‘ریور راوی کمیشن کے سیکرٹری رافع عالم نے عدالت کو بتایا کہ صنعتی فضلے کو صفائی کے بغیر دریا میں بہایا جا رہا ہے جس کی وجہ سے دریا کا پانی آلودہ ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دریا کے آلودہ پانی کی صفائی کے لئے منصوبے پر کام شروع نہیں ہو سکا۔

(جاری ہے)

واسا کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ راوی کے پانی کی صفائی کے منصوبے کیلئے اشتہار جاری کر کے کنسلٹ فرموں کو کام سونپا جا رہا ہے۔انہوں نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔جس پر عدالت نے ریماکس دئیے کہ راوی کے پانی کی صفائی سب سے اہم معاملہ ہے ،عدالت کو اس منصوبے پر کاغذی کارروائی کی بجائے عملی اقدامات ہوتے نظر آنے چاہئیں۔

عدالت نے دریائے راوی کے پانی کی صفائی کیلئے بنائے گئے منصوبے پر فوری عمل درآمد کا حکم دیتے ہوئے منصوبے پر شروع کئے جانے والے کام کی عبوری رپورٹ بیس جنوری کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت بیس جنوری تک ملتوی کر دی۔