لاہورہائیکورٹ کا سی ایس ایس کا امتحان پاس کرنے والے نابینا امیدواروں کو فارن سروس اورڈسٹرکٹ مینجمنٹ گروپ میں بھجوانے کا حکم

بدھ 11 جنوری 2017 15:00

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء)لاہورہائیکورٹ نے سینٹرل سپیریئرسروس (سی ایس ایس )کا امتحان پاس کرنے والے نابینا امیدواروں کو فارن سروس اور پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (ڈسٹرکٹ مینجمنٹ گروپ) میں بھجوانے کا حکم دے دیا،عدالت نے سی ایس ایس کے رول9 کو آئین سے متصادم قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔

عدالتی سماعت کے دوران درخواست گزار یوسف اور فیصل مجید نے عدالت کو بتایا کہ ملک بھر سے مقابلے کا امتحان پاس کر کے بائیسویں اور تیسویں پوزیشن حاصل کی مگر انہیں فارن سروس اورڈسٹرکٹ مینجمنٹ گروپ کا حصہ نہیں بنایا جا رہا۔فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہارون رشید نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کابینہ کی منظوری سے بنائے گئے رولز نو کے تحت میرٹ پر پورا اترنے والے نابینا اور معذور امیدوارآڈٹ اکا ئونٹس،،کامرس اینڈ ٹریڈ،انفرمیشن اور پوسٹل گروپ کو ہی جوائن کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ رولزبناتے ہوئے اس کی ترجیحات کیوں بیان نہیں کی گئیں،آئین کے تحت کسی شہری سے امتیازی سلوک نہیں کیا جا سکتا مگر نابینا افراد کے لئے سخت پالیسی کیوں اختیار کی گئی۔عدالت نے سینٹرل سپیریئرسروس کا امتحان پاس کرنے والے نابینا امیدواروں کو فارن سروس اور ڈسٹرکٹ منیجمنٹ گروپ میں بھجوانے کا حکم دے دیا،عدالت نے سی ایس ایس کے رول9 کو آئین سے متصادم قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دے دیا۔عدالت نے سی ایس ایس رولز کو آئین کے مطابق بنانے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔