پاکستان،بھارت اورافغانستان کی سلامتی باہم مربوط ہے ، پاکستان نے دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے خاتمے کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں،امریکی محکمہ خارجہ

بدھ 11 جنوری 2017 13:14

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء) امریکا نے کہاہے کہ پاکستان،بھارت اورافغانستان کی سلامتی باہم مربوط ہے اوردہشت گردی کے خلاف ایک دوسرے سے تعاون ان ممالک کیلئے بہترہے ۔یہ بات امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونے نے گزشتہ روز یہاں معمول کی پریس بریفنگ میں کہی۔انہوں نے کہاکہ خطے کے تینوں ممالک کی سلامتی ایک دوسرے کے ساتھ منسلک ہے اوردہشت گردی کے خلاف تعاون اورشراکت داری سے پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے خاتمے کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں تاہم یہ مسئلہ موجود ہے اور یہ معاملہ پاکستان اورامریکا کے درمیان جاری مذاکرات کا حصہ ہے۔ ترجمان نے اس حقیقت کا اعتراف کیا کہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں دورافتادہ اوردشوارگزار علاقوں میں ہوتی ہیں اسلئے ان کے خاتمے میں مشکلات پیش آتی ہیں تاہم انہوں نے کہاکہ پاکستان کی جانب سے دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے خاتمے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ترجمان نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مزمت بھی کی۔