ٹوبہ ٹیک سنگھ میں زہریلی شراب پینے سے ہلاک ہونیوالوں کے خاندانوں کو انصاف کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا ‘خلیل طاہر سندھو

حکومت پنجاب متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی‘ اس افسوسناک واقعہ میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مالی امداد دی جائے گی جبکہ انہیں کرسمس گرانٹ سے فوری امداد کے لئے ضلعی انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں‘صوبائی وزیر اقلیتی امور وانسانی حقوق

بدھ 11 جنوری 2017 13:06

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں زہریلی شراب پینے سے ہلاک ہونیوالوں کے خاندانوں کو ..
ٹوبہ ٹیک سنگھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2017ء) صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں زہریلی شراب پینے سے ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں کو انصاف کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا اور اس افسوسناک واقعہ میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مالی امداد دی جائے گی جبکہ انہیں کرسمس گرانٹ سے فوری امداد کے لئے ضلعی انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔

انہوں نے یہ بات ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے دورہ کے دوران مبارک آباد میں زہریلی شراب سے ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہی ۔ ارکان صوبائی اسمبلی میاںمحمد رفیق ‘ شہزاد مسیح ‘ ڈسٹرکٹ پولیس ا فسر عثمان اکرم گوندل ‘ اے ڈی سی احمد خاور شہزاد ‘ فادر نثار برکت، دیگر افسران اور مسیحی برادری کے رہنما موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر اقلیتی امور متاثرہ افراد کے گھروں میں گئے اور زہریلی شراب پینے سے ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے ملتے ہوئے اشکبار ہو گئے ۔

انہوں نے کہا کہ دلخراش واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے لیکن حکومت پنجاب متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور وہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کو ہر ممکن مالی امداد کی فراہمی کے لئے درخواست کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر سینئر پولیس افسران کی سربراہی میں جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تفتیش کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے رہی ہے تاہم اگر کسی کے پاس اس واقعہ سے متعلق کوئی ثبوت ہے تو وہ بغیر کسی دبائو میںآئے تحریری بیان جمع کرا سکتا ہے تاکہ واقعہ میں ملوث عناصر سزا سے نہ بچ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بے گناہ کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تھانہ چٹیانہ کے پولیس اہلکاروں سے بھی تفتیش کی جائے گی جبکہ محکمہ انسانی حقوق حکومت پنجاب متاثرہ خاندان کو کیس کے لئے مفت قانونی ماہرین کی خدمات فراہم کرے گی ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ زہریلی شراب میں ملوث ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے تک مبارک آباد کا دورہ کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شراب سے متاثرہ ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کو علاج معالجہ کی معیاری طبی سہولیات کے لئے متعلقہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹس متحرک ہیں جبکہ شدیدخطرہ کی حالت کی صورت میں مریضوں کو علاج کے لئے لاہور کے ہسپتال میں شفٹ کیا جا سکتا ہے ۔ قبل ازیں ڈی سی آفس میں میڈیانمائندگان سے گفتگوکرتے ہوئے صوبائی وزیر اقلیتی امور وانسانی حقوق خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ زہریلی شراب کے واقعہ کے حقائق کاپتہ چلانے کے لئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم 20 دنوں میں اپنی تفتیشی رپورٹ مکمل کرے گی اورملزمان سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ مالی امدادمتاثرہ خاندانوں کے دکھوں کا مداوا نہیں لیکن انہیںکسی طرح بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ ارکان اسمبلی نے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں کو تسلی دیتے ہوئے کہاکہ ملزمان قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے ۔ ڈی پی او نے واقعہ کی تفتیشی رپورٹ سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے ۔

متعلقہ عنوان :