بچے پاکستان کا مستقبل اور معمار ہیں، حکومت نئی نسل کو معیاری اور جدید تعلیم کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز کررہی ہے، ہم سب ملکر اپنے ملک کو خوبصورت ‘ خوشحال اورمضبوط بنائیں گے‘ بچے معصوم اور من کے سچے ہوتے ہیںقوم کے نونہال میری جان ہیں اور مجھے ان پر فخر ہے، بچوں کو ہر ممکن بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام تر اقدامات اٹھائیں جائیں گے، وزیراعظم محمد نوازشریف کا اسلام آباد کے سکولوں میں نئی بسوں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب

بدھ 11 جنوری 2017 12:30

بچے پاکستان کا مستقبل اور معمار ہیں، حکومت نئی نسل کو معیاری اور جدید ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے بچوں کو پاکستان کا مستقبل اور معمار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نئی نسل کو بالخصوص معیاری اور جدید تعلیم کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز کررہی ہے ہم سب ملکر اپنے ملک کو خوبصورت ‘ خوشحال اورمضبوط بنائیں گے‘ بچے معصوم اور من کے سچے ہوتے ہیںقوم کے نونہال میری جان ہیں اور مجھے ان پر فخر ہے ان کو ہر ممکن بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام تر اقدامات اٹھائیں جائیں گے ۔

بدھ کو یہاں اسلام آباد میں وزیراعظم تعلیمی اصلاحات پروگرام کے تحت اسلام آباد کے سکولوں میں طلباء و طالبات کے لئے ٹرانسپورٹ کی سہولیات کے حوالے سے نئی بسوں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ بچے پاکستان کا مستقبل ہیں اور مستقبل کے معمار ہیں‘ بچے انشاء اللہ پاکستان کو مزید مضبوط بنائیں گے، ہم جو کچھ اپنے ملک کے لئے کررہے ہیں بچے اس سے 100 گنا زیادہ کریں گے اسی لئے ہم چاہتے ہیں کہ ہر سکول خوبصورت ہو وہاں پر بہترین ماحول ہو اور بچوں کو تمام تر سہولیات دستیاب ہوں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں پڑھائی کا معیار اچھا ہونا چاہئے جب بچے سکول داخل ہوں گے تو خوش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بچے سکول آکر خوشی محسوس کریں اور سکول آتے جاتے وقت اعلیٰ معیار کی بسوں سے بھی لطف اندوز ہوں۔وزیراعظم نے یقین ظاہر کیا کہ ہم اور آپ سب ملکر اپنے ملک کو خوبصورت بنائیں گے اور ہمیں اپنے ملک میں رہتے ہوئے اور بیرون ملک میں آتے جاتے وقت فخر محسوس ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے مریم نواز شریف کو ہدایت کی تھی کہ اسلام آباد کے تمام 422 سکولوں کی عمارتیں بہترین ہونی چاہئیں جبکہ ان سکولوں میں تعلیم کا انتظام بھی بہترین ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اس حوالے سے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کو بھی کہا تھا کہ تعلیم کا معیار بہترین ہو اور بچوں کو داخلہ میرٹ پر ملے جبکہ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی تقرری بھی میرٹ پر ہونی چاہئے اور سب کام میرٹ پر ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام سکولوں کے لئے ایک ‘ ایک بس لازم ہونی چاہئے تاکہ بچوں کو سکول آمدورفت میں سہولت حاصل ہو۔ وزیراعظم نے کہا کہ پروگرام کے تحت مزید 200 بسوں کی خریداری کا فوراً انتظام کیا جائے تاکہ بچوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت جلد از جلد فراہم کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کے بچوں اور بچیوں کو اس حوالے سے خصوصی اہمیت دی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد کے تمام سکولوں میں ٹرانسپورٹ کی سہولت دستیاب ہونی چاہئے اور تعلیم کے معیار پر بھی خاص توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے لحاظ سے اسلام آباد کو ملک کا ماڈل سٹی بننا چاہئے اس کے علاوہ اسلام آباد کے دیگر معاملات بھی بہتر بنانے چاہئیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ میئر اسلام آباد کو خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ شہر کی سڑکوں ‘ سٹریٹس لائٹس کی بہتری اور شہر کو صاف ستھرا بنانے کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں اور اسلام آباد کو ایک صاف ستھرا اور ماڈل شہر بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے ساتھ ساتھ مضافاتی علاقوں پر بھی خصوصی توجہ دینی چاہئے تاکہ ان کے مسائل ختم کئے جاسکیں ۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا کہ بہارہ کہو کے علاقے میں ایک بائی پاس بنانے کی ضرورت ہے تاکہ سکول آمدورفت کے دوران بچوں کا قیمتی وقت ضائع نہ ہو۔انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ آنے والے وقت میں اسلام آباد دنیا کا خوبصورت ترین شہر بن جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ایجوکیشن ریفارمز پروگرام کے تحت مریم نوازشریف وفاقی دارالحکومت کے نونہالوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں اور سپیشل بچوں پربھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔انہوں نے سپیشل بچوں کی کارگردگی کی تعریف کی اور اس کو قابل قدر قرار دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ تمام بچے ان کے دل کی دھڑکن ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ہم سب ملکر مختلف سکولوں میں جائیں گے تاکہ پڑھائی کے نظام میں مزید بہتری لائی جاسکے ، میں خود بچوں کو سکول میں آ کر ملوں گا۔

وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام نونہالوں اور ان کے والدین کو خوشیاں نصیب کرے اورہم سب ملکر اپنے پیارے وطن پاکستان کی خدمت جاری رکھیں۔وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے ملک کی خدمت کی توفیق دے انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سب بچوں کو ملکر پاکستان کی خدمت کرنے والا بنائے۔پروگرام کے آخر میں وزیراعظم نے بچوں کے ساتھ ملکر بس کے ماڈل کا تیار کردہ خصوصی کیک بھی کاٹا اور سکول بسوں کی چابیاں بچوں کے حوالے کیں۔

تقریب میں وزیر اعظم کی صاحبزادی محترمہ مریم نواز شریف ‘ وزیرمملکت برائے اطلاعات ، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب ‘ وزیرمملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور اعلی حکام سمیت ‘ سکولوں کے بچوں ‘ خصوصی بچوں ‘ اساتذہ اکرام اور طالبعلموں کے والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔