اسلام آبادکے تعلیمی اداروں کو پورے ملک کے لئے ماڈل تعلیمی ادارے بنانا چاہتے ہیں،2018ء کا پاکستان 2017ء سے بہتر ہو گا

وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا اسلام آباد میں سرکاری سکولوں کو بسوں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب

بدھ 11 جنوری 2017 12:02

اسلام آبادکے تعلیمی اداروں کو پورے ملک کے لئے ماڈل تعلیمی ادارے بنانا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہاکہ اسلام آبادکے تعلیمی اداروں کو پورے ملک کے لئے ماڈل تعلیمی ادارے بنانا چاہتے ہیں، 2018ء کا پاکستان 2017ء سے بہتر ہو گا، 2013ء سے 2018ء کے تعلیمی ادارے بہت مختلف ہوں گے،مریم نواز کی ذاتی دلچسپی کی وجہ سے سکولوں کی بہتری کے لئے کام شروع کیا۔

وہ بدھ کو اسلام آباد میں وزیر اعظم تعلیمی اصلاحات کے حوالے سے تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کا دل کی گہرائی سے شکر گزار ہوں کہ انہوںنے سکول کے بچوں کے لئے بسیں فراہم کی ہیں جس کی وجہ سے بچوں کے چہروںپر خوشی اور چمک دمک ہے ۔انہوںنے کہاکہ اسلام آبادکے سکول کافی عرصہ سے ٹرانسپورٹ کی کمی کا شکار تھے۔

(جاری ہے)

طلباء دارالحکومت کے مضافاتی علاقے سہالہ ، روات ، بارہ کہو، ترنول ، سرائے خربوزہ اور دیگر دور دراز علاقوں سے جب سکول کے لئے صبح 6 بجے گھر سے نکلتے ہیں اور ٹرانسپورٹ کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے چھٹی کے بعد انتظار کرنا پڑتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم ایجوکیشن پروگرام کے تحت سکولوں کے طلباء کے لئے بڑی سہولیات فراہم کررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اسلام آبادکے تعلیمی ادارے پورے ملک کے تعلیمی اداروں کے لئے ماڈل بنانا چاہتے ہیں۔

سکولوں کی بہتری کے لئے یہ کام ہم نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی سرپرستی میں شروع کیا ہے ۔ اسلام آباد کے سرکاری سکول پرائیویٹ سکولوں سے کم نہیں ہیں۔ سرکاری سکولوں میں اساتذہ کو جدید ٹریننگ دے رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پمز میں نئے او پی ڈی اور پولی کلینک کی توسیع بھی کررہے ہیں۔ جتنی توجہ ہم شہری علاقوں کو دے رہے ہیں اتنی توجہ دیہی علاقوں میں بھی دی جارہی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ جس طرح ہمیں 2013ء کا پاکستان ملا آج پاکستان کا ہر شہری گواہ ہے کہ 2013ء سے 2017ء کا پاکستان بہتر ہے اور 2018ء کا پاکستان 2017ء کے پاکستان سے بہتر ہو گا۔انہوںنے کہاکہ عوام جانتے ہیں کہ کچھ لوگ وزیر اعظم کے بڑھتے قدم کو آگے نہیں دیکھنا چاہتے۔ بسوں کی فراہمی کی وجہ سے ہزاروں بچے اس سے مستفید ہوںگے۔ انہوںنے کہاکہ مریم نواز کی ذاتی دلچسپی کی وجہ سے سکولوں کی بہتری کے لئے کام شروع کیا۔

متعلقہ عنوان :