وزیراعلیٰ سندھ سے فلپائن کے سفیر کی ملاقات

منگل 10 جنوری 2017 23:28

وزیراعلیٰ سندھ سے فلپائن کے سفیر کی ملاقات
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے فلپائن کے نامور باکسر مینی پیکئو (Manny Pacquiao) کو دعوت دی ہے کہ وہ کراچی کا دورہ کریں اور لیاری کے نوجوان اور ابھرتے ہوئے باکسروں کی رہنمائی اور ان کی حوصلہ افزائی کریں۔ یہ دعوت انہوں نے پاکستان میں فلپائن کے سفیر ڈینیل راموس اسپیریٹو (Daniel Ramos Espiritu) کے ذریعے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات میں دی۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق فلپائن کے سفیر کے ہمراہ کراچی میں فلپائن کے اعزازی قونصل جنرل ڈاکٹر عمران وائے محمد اور چیئرمین پاکستان -فلپائن بزنس قونصل محمد اسلم تھے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کی معاونت ان کے پرنسپل سیکریٹری نوید کامران بلوچ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ترقیات)محمد وسیم، وزیراعلیٰ کے اسپیشل سیکریٹری رحیم شیخ اور ڈی جی پرٹوکول نے کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ لیاری کے نوجوانوںمیں کھیلوں باالخصوص فٹ بال اور باکسنگ میں بڑا ٹیلنٹ موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ فلپائن کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے دنیا کے نامور باکسرز پیدا کئے۔ انہوں نے فلپائن کے سفیر سے کہاکہ میں آپ کے ذریعے مینی پیکوائو کو کراچی کے سرکاری دورے کی دعوت دیتا ہوں کہ وہ یہاں آئیں اور لیاری کے نوجوان باکسروں سے ملاقات کریں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے دورے سے یقیناً ہمارے نوجوان باکسروں کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ فلپائن کے سفیر نے کہاکہ آئندہ تین ماہ میں مسڑ مینی پیکوائو سندھ حکومت کے سرکاری مہمان ہوں گے اور لیاری کا دورہ کریں گے۔ اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ وہ ان کے لئے ایک میگا باکسنگ ایونٹ کا اہتمام کریں گے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شا ہ نے فلپائن کے سفیر سے باہمی تجارت اور کاروباری امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور کہاکہ صوبہ سندھ کے پھلوں کے لئے فلپائن ایک بہت اچھی مارکیٹ ثابت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے امرود، آم اور چاول دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ انہوںنے کہاکہ حال ہی میں بر آمد کنندگان نے آم یورپ اور امریکہ کو برآمد کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ فلپائن کے سفیر نے کہاکہ فلپائن کے آبادگا روں نے چاول کے بجائے دیگر فصلوں کی کاشت شروع کر دی ہے لہذا ایری 6 چاول کی فلپائن میں ایک بڑی مارکیٹ ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنے پرنسپل سیکریٹری کو ہدایت کی کہ وہ فلپائن کے وفد کی محکمہ زراعت کے ساتھ اجلاس منعقد کرائیں تاکہ اس موقع سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔

انہوںنے کہاکہ وہ فلپائنی کاروباری افراد کی ایک ٹیم بھیجیں گے جو کہ سندھ میں کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے بات چیت کرے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے یہ بھی بتایا کہ سندھ میں گندم کی بمپر فصل ہوئی ہے وہ بھی فلپائن اور دیگر ملکوں کو جوائنٹ بزنس وینچر کے تحت بر آمد کی جا سکتی ہے۔ ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ کاروباری افراد کا ایک وفد سندھ میں فارماسیوٹیکل انڈسٹری کا دورہ کرے گا اور پاکستان میں تیار ہونے والی ادویات کو درآمد کرے گا۔

فلپائن کے سفیر نے کہاکہ اس و قت فلپائن انڈیا سے ادویات درآمد کر رہا ہے، پاکستان بھی اس حوالے سے ایک بڑی مارکیٹ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے وفد نے حال ہی میں سندھ میں 11 فارماسیوٹیکل کمپنیز کا دورہ کیا تھا اور ان میں سے 9 کو ادویات کی درآمد کے لئے منتخب کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور فلپائن کے سفیر نے طلبہ کے وفود کے تبادلوں کے پروگرام پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ فلپائنی تعلیمی ماہرین اور سیکریٹری یونیورسٹی اینڈ بورڈ کا ایک رسمی اجلاس ہونا چاہئے تاکہ اس حوالے سے مواقع تلاش کئے جا سکیں۔

انہوںنے یونیورسٹی ایفیلی ایشن کے قیام پر بھی اتفاق کیا تاکہ ددنوں ممالک کے طلبہ اپنے اپنے طور پر اس سے مستفید ہو سکیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے فلپائن کے سفیر اور ان کے وفد کو سندھی ٹوپی، اجرک اور سندھی کلام کی سی ڈیز بھی پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :