سی پیک منصوبہ کی بدولت 150ارب ڈالر سرمایہ کاری سے ملک خوشحال ہوگا،اسماعیل راہو

منصوبہ کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ جنوبی ایشیاء کے خطے کی اقتصادی صورتحال بدل دے گا،رہنماء مسلم لیگ ن سندھ

منگل 10 جنوری 2017 23:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2017ء) سی پیک منصوبہ سے ملک میں150ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری سے ملک خوشحالی کی راہوں پر گامزن ہوگا ،منصوبہ کے تحت ملک کے مختلف علاقوں میں مخصوص اقتصادی زونز اور انڈسٹریل اسٹیٹس کا قیام ملک میں صنعتی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن سندھ کے صدرایم پی اے محمداسماعیل راہواورسیکریٹری اطلاعات محمداسلم ابڑونے میڈیاہاوس کراچی سے جاری اپنے ایک بیان کی ، اسماعیل راہو نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا عظیم قومی منصوبہ ہے جو ملک کا نقشہ بدل دے گا۔

انہوںنے کہا کہ سی پیک منصوبہ سے خطے کی باہمی تجارت میں 7.5فیصد تک اضافہ ہوگا ۔شنگھائی تا گوادر دورانیہ میں 82فیصد کمی سے تجارتی اخراجات کم ہوجائینگے۔

(جاری ہے)

اور سال2020ء تک مشرق وسطیٰ کے ممالک کے تجارتی اخراجات میں بالترتیب 11.5ور25.3فیصد تک کمی واقع ہوگی ۔سیکریٹری اطلاعات محمداسلم ابڑونے کہاکہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ تجارتی اخراجات بھی کم ہونگے۔اسلم ابڑوکاکہناتھاکہ مشرق وسطیٰ اور بحرالکاہل کے ممالک کی باہمی تجارت میں7.5فیصد تک اضافہ بھی ہوگا۔مذکورہ منصوبہ کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ جنوبی ایشیاء کے خطے کی اقتصادی صورتحال بدل دے گا۔انہوں نے کہاکہ منصوبے سے مجموعی عالمی تجارت کے فروغ میں مدد ملے گی۔