پاکستان رینجرز سندھ کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، پانچ جرائم پیشہ افراد گرفتار، اسلحہ و ایمونیشن کا ذخیرہ برآمد

منگل 10 جنوری 2017 23:08

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2017ء) پاکستان رینجرز سندھ نے مصدقہ اطلاعات پر اورنگی ٹائون کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم عسکری ونگ کے زیر استعمال اسلحہ اور ایمونیشن کا ذخیرہ برآمد کر لیا۔

(جاری ہے)

ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق مذکورہ اسلحہ رحیم شاہ قبرستان میں چھپایا گیا تھا جس میں دو عدد ایس ایم جیز بمعہ پانچ عدد میگزین، تین عدد 30بور پستول، ایک عدد ریپیٹر، دو عدد سیون ایم ایم رائفل بمعہ ایک عدد میگزین اور مختلف اقسام کے 2122 رائونڈز کے علاوہ دو عدد بلٹ پروف جیکٹ کور بھی برآمد ہوئے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق یہ اسلحہ شہر میں بدامنی پھیلانے اور ٹارگٹ کلنگ کے لئے استعمال ہونا تھا۔ علاوہ ازیں پاکستان رینجرز سندھ نے ٹارگیٹڈ آپریشن کے دوران بن قاسم، ملیر، لیاقت آباد کے علاقوں سے پانچ جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کر لیا۔