پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کی نمائندہ سیاسی قوت بن رہی ہے ، نثارکھوڑو، سعید غنی

ہمیشہ ملک میںامن وامان کے قیام، معاشی سرگرمیوں کی بحالی ،عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لئے جدوجہد کی ہے قوم کو آنیوالی نسلوں کے تحفظ ،ملک میں امن واستحکام کیلئے پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم پر متحد ہونا پڑے گا،جلسے سے خطاب

منگل 10 جنوری 2017 23:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی امن وامان کے قیام، معاشی سرگرمیوں کی بحالی اورعوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لئے جدوجہد کرتی آئی ہے۔کراچی تمام زبانیں بولنے والوں اور تمام طبقات کا شہر ہے اور جس طرح اس پر سب کا حق ہے اسی طرح اس کو سنوارنا بھی سب کا فرض ہے ۔اس شہر کی معاشی ،سماجی اور تجارتی ترقی کا راز عوامی اتحاد اور بھائی چارے اور یگانگت میں مضمر ہے، کراچی کے شہریوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں ،پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کی نمائندہ سیاسی قوت بن رہی ہے ،قوم کو اپنی آنے والی نسلوں کے تحفظ اور ملک میں امن واستحکام کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم پر متحد ہوکرکھڑا ہونا پڑیگا۔

ان خیالات کا اظہار سینئر صوبائی وزیرنثاراحمدکھوڑو،پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری اور وزیراعلی سندھ کے مشیر برائے محنت سینیٹر سعید غنی ، صوبائی وزیر ناصر شاہ، جاوید ناگوری، وقار مہدی، راشد ربانی، لکشمن مہیشوری، نجمی عالم، تیمورعلی سیال، حبیب میمن، عزیز میمن، نعیم میمن، آصف جوجی، عاطف میمن، یوسف ناز، خلیل ہوت ودیگرنے کھارادر میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید رانی محترمہ بے نظیر بھٹو کی یادمیں منعقدہ جلسہء عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ کراچی کی عوام کو سوچنا ہوگا کس نے ان سے ووٹ لئے اور انھیں تباہ وبرباد کیا، شہر کو مسائل کا گڑھ بنایا ،اب وقت آگیا ہے کہ شہری منفی لوگوں سے ہمیشہ کے لئے چھٹکارا حاصل کرلیں، جبری ووٹ لینے والوں نے قتل وغارت گری اور بھتہ خوری کے سوا کچھ نہیںدیا۔ کراچی کے عوام گواہ ہیں کہ آمریت کے دور میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی نے عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھی، جس کی پاداش میں فوجی ڈکٹیٹروں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر کوڑے برسائے، انھیں جیلوں میں قید کرکے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور سینکڑوں کارکنوں کو پھانسی دی گئی لیکن پاکستان پیپلز پارٹی کو اس کے عوامی منشور سے کوئی نہیں ہٹاسکا۔

انھوں نے کہا کہ عوام کو بیوقوف سمجھنے اور اسلحے کے زور پر یرغمال بنانے والے آج دیکھ لیں کہ ظلم کی سیاہ رات ختم ہوچکی اور اب کسی کواسلحے کے زور پر یرغمال نہیں بننے دیا جائے گا۔