سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن کے ویکسین مینجمنٹ کمیٹیاں فعال بنائی جائیں ، کمشنر سکھر /لاڑکانہ ڈویژن

پیر 9 جنوری 2017 23:30

سکھر۔9جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2017ء) کمشنر سکھر /لاڑکانہ ڈویژن محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ روٹین امیونائزیشن کو بہتر بنا ئے بغیر پولیو کو ختم نہیں کیا جاسکتا اور بہتری کے لیے ویکسین مینجمنٹ کمیٹیاں فعال کی جائیں، اس کے علاوہ مختلف این جی اوزکے تعاون سے پولیو ٹیمزمیں خواتین کی سوفیصد شرکت کو یقینی بنایا جائے ، میلوں ملاکھڑوں میں مختلف خاندا ن ا ور قبائل روزگار کے حصول کے خاطر سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن کا رخ کرتے ہیں ، جن پر پولیو مہم کے دوران خاص توجہ دی جائے ۔

ان خیالات کا اظہار کمشنر سکھر /لاڑکانہ ڈویژن محمد عباس بلوچ نے ڈی سی آفس سکھر کے کمیٹی روم میںسکھر اور لاڑکانہ ڈویژن کے پولیو ٹاسک فورس کے ایک مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز ، ڈی ایچ اوزاور ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں تمام ڈی ایچ اوز نے شکایات کی کہ پولیو مہم کے دوران پولیو کے قطرے پینے والے بچوں کی نشاندہی کے لیے استعمال ہونے والے غیر معیاری فنگر مارکر کے باعث ڈیش بورڈ پر ہمارے متعلقہ اضلاع کی کارکرد گی متاثر ہو رہی ہیں جس پر کمشنر سکھر/لاڑکانہ ڈویژن محمد عبا س بلوچ نے تمام ڈی ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ استعمال ہونے والے غیر معیاری مار کر کے متعلق ڈ بلیو ایچ او کو رپورٹ کریں ۔

کمشنرسکھر /لاڑکانہ ڈویژ ن نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ڈسٹرکٹ میں موجودپولیو کنٹرول رومز کی کارکردگی بہتر بنائیں اور مہم کے دوران پولیو کے قطرے پینے سے رہ جانے والے بچوں اور کمزور فیلڈ ٹیموں پر کڑی نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ پولیو مہم کوبہتر بنانے کے لیے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کم سے کم پانچ اجلاس خو د کریں اور پولیومہم کے دوران پیش آنے والی تمام کمزوریوں کا تدارک کریں ۔

کمشنر سکھر/لاڑکانہ ڈویژن نے موٹر وے پولیس کے عملداروں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تما م ٹرانزٹ پوائنٹس پر پولیو ٹیموں کے ساتھ ساتھ اہلکار مقرر کیے جائیں ۔ کمشنر سکھر/لاڑکانہ ڈویژن نے سکھر سٹی کے یوسی میڈیکل آفیسر اور پولیو ٹیم کو بہتر کارکردگی سرانجام دینے پر بطور حوصلہ افزائی تعریفی سرٹیفکیٹ اور کیش انعامات دیے۔