سی پیک کے تحت 870 میگاواٹ کے سکی کناری پن بجلی منصوبہ کے مالی معاملات کو حتمی شکل دیدی گئی‘ وزارت پانی و بجلی میں باضابطہ معاہدہ پر دستخط کئے گئے

پیر 9 جنوری 2017 23:47

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2017ء) چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت 870 میگاواٹ کے سکی کناری پن بجلی منصوبہ کے مالی معاملات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں پیر کو یہاں وزارت پانی و بجلی میں باضابطہ معاہدہ پر دستخط کئے گئے۔ تقریب کا اہتمام پرائیویٹ پاور انفراسٹرکچر بورڈ نے کیا۔ معاہدہ پر پی پی آئی بی منیجنگ ڈائریکٹر شاہجہاں مرزا اور چیف ایگزیکٹو سکی کناری پن بجلی منصوبہ حسیب خان نے دستخط کئے۔

اس موقع پر وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف بھی موجود تھے۔ اس منصوبہ سے 870 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی، سکی کناری پن بجلی منصوبہ کے مالی معاملات کو حتمی شکل دینا پی پی آئی بی کا یہ ایک اور کارنامہ ہے، اس سے صارفین کو سستی بجلی میسر آئے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا کہ اس اقدام سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ اور سستی بجلی کی فراہمی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، پن بجلی منصوبوں سے بجلی پیدا ہونے سے درآمدی تیل پر انحصار کم ہو گا اور ملک کو سالانہ زرمبادلہ کی مد میں لاکھوں ڈالر کی بچت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اس سے ملک میں معاشی ترقی اور روزگار کو فروغ ملے گا جبکہ غربت کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :