سی پیک کی تکمیل سے دراصل خطے کی تقدیر بدل جائے گی اور پاکستان کا معاشی مستقبل روشن ہو جائے گا، سی پیک کی اہمیت کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جا سکتا ہے کہ روس اور سینٹرل ایشیا کے ممالک سی پیک میں شرکت کے خواہشمند ہیں جبکہ ایران چاہ بہار بندرگاہ کو گوادر کے ساتھ انٹرلنک کرنا چاہتا ہے

وفاقی وزیر احسن اقبال کی چیئرمین بلدیہ پسرور کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات میں گفتگو

پیر 9 جنوری 2017 23:45

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جنوری2017ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقیات چودھری احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک کی تکمیل سے دراصل خطے کی تقدیر بدل جائے گی اور پاکستان کا معاشی مستقبل روشن ہو جائے گاان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین بلدیہ پسرور چودھری الطاف شفیع کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات میں کیا چودھری احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کی اہمیت کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جا سکتا ہے کہ روس اور سینٹرل ایشیا کے ممالک سی پیک میں شرکت کے خواہشمند ہیں جبکہ ایران چاہ بہار بندرگاہ کو گوادر کے ساتھ انٹرلنک کرنا چاہتا ہے انہوں نے کہا کہ سی پیک کی وجہ سے پاکستان میں اربوں ڈالرز کی انویسٹمنٹ آرہی ہے اور عوامی جمہوریہ چین پاکستان میں انرجی کرائسس پر قابوپانے میں بھی پاکستان کی مدد کررہا ہے انہوں نے کہا کہ نارووال اور پسرور کو ملک کے ترقی یافتہ شہروں کے برابر لانے کے لیئے کوشش جاری ہے اس مقصد کے تحت نارووال میں یونیورسٹیز،میڈیکل کالج،سپورٹس کمپلیکس، ڈسٹرکٹ ہسپتال کی اپ گریڈیشن ،سٹیڈیم ،چائنہ سنٹر ،ریلوے سٹیشن کی نئی عمارت اور نارووال کو دیگر شہروں سے ملانے والی سڑکوں کی تعمیروکشادگی کے منصوبہ جات تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کررہے ہیں اس موقع پر چیئرمین بلدیہ پسرور چودھری الطاف شفیع نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقیات چودھری احسن اقبال سے مطالبہ کیا کہ نارووال سے ڈسکہ براستہ پسرور سڑک کی تعمیرو کشادگی کے لیئے خصوصی فنڈز مختص کیئے جائیں جس پر وفاقی وزیر نے بتایا کہ نارووال تا ڈسکہ براستہ پسرور سڑک کی تعمیر رواں سہ ماہی کے دوران شروع ہوجائے گی ۔