Live Updates

راناثناءالله کافوجی عدالتوں کےمتعلق بیان لاعلمی کی بناء پرہے،مریم اورنگزیب

پی ٹی آئی نےآخرکاروزیراعظم کے بچوں کی ڈیڈ کوتسلیم کرلیا،مریم اورنگزیب،عمران خان کاایجنڈا عوام کی خدمت نہیں وہ سوچ لیں پانامہ کیس کے بعد کیاکرینگے،وزیرمملکت برائے اطلاعات کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 9 جنوری 2017 21:25

راناثناءالله کافوجی عدالتوں کےمتعلق بیان لاعلمی کی بناء پرہے،مریم ..

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09جنوری2017ء) :وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ پیر کو یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ رانا ثناء الله کا فوجی عدالتوں کے متعلق بیان لاعلمی کی بناء پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں نے آئین کے مطابق دی گئی ذمہ داریوں کو میسر وقت میں بخوبی سرانجام دیا ہے۔

مزیدبرآں مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنی سیاسی زندگی میں ہمیشہ عوام کی خدمت کو ترجیح دی ‘عمران خان کہتے ہیں کہ وزیراعظم ہرجگہ فیتے کاٹنے پہنچ جاتے ہیں وہ اسلئے فیتے کاٹتے ہیں کیونکہ انہوں نے کام کیاہے جبکہ عمران خان نے جھوٹ ، الزام اورانتشار کی سیاست کے سوا کچھ نہیں کیا ، پی ٹی آئی کو اسی سیاست کی بنیاد پر 2018کے الیکشن میں مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا،عمران خان کا ایجنڈا عوام کی خدمت نہیں وہ سوچ لیں پانامہ کیس کے بعد کیاکریں گے،قوم سے کئے گئے وعدوں کے مطابق وزیراعظم نئے منصوبوں کے فیتے کاٹیں گے اورخان صاحب آپ وہ کاٹیں گے جو آپ نے بویا ہے، خان صاحب ابھی بھی وقت ہے اچھی فصل لگائیں تاکہ 2018 میں اس کا پھل حاصل کر سکیں، پی ٹی آئی نے آخر کار وزیراعظم کے بچوں کی ڈیڈ کو تسلیم کر لیا ‘ہمارے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر بہت کچھ واضح ہوجائے گا ۔

(جاری ہے)

وہ آج اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کر رہیں تھیں ۔ارکان قومی اسمبلی طلال چوہدری‘ دانیال عزیز اور دیگر مسلم لیگی راہنما بھی ان کے ہمراہ تھے ۔وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہاکہ تحریک انصاف وزیراعظم کے بچوں کی جس ڈیڈ کے خلاف تھی ‘اسی موقف سے ہٹے ہوئے آج پی ٹی آئی نے یہ ڈیڈ تسلیم کر لی ہے‘عدالت نے جو بھی سوالات اٹھائے ہیں اس پر ہمارے وکلا ،جن کے دلائل پی ٹی آئی کے وکیل کے دلائل ختم ہونے کے بعد شروع ہونگے، کے دلائل میں تمام چیزیں واضح ہوجائیں گی ۔

انہوں نے کہاکہ 2013سے آج تک ہر کوشش کی گئی کہ ترقی کے منصوبے روکے جائیں ‘پی ٹی آئی کے ہر جلسے میں یہ کہا جاتا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف ترقیاتی منصوبوں کے فیتے کاٹ رہے ہیں، وزیراعظم نے ان ساڑھے تین سالوں اور اپنی ساری سیاسی زندگی میں قوم کی خدمت کو اولین ترجیح دی اور آنے والے ڈیڑھ سالوں میں بھی ترقیاتی منصوبوں کے فیتے کٹتے رہیں گے ‘ اگر پی ٹی آئی کی سیاست کا ان ساڑھے تین سالوں میں موازنہ کیا جائے تو پی ٹی آئی نے اس دورانیے میں صرف احتجاج‘ جھوٹ اور الزامات کے علاوہ کچھ بھی نہیں کیا ‘اگر پی ٹی آئی بھی اسی طرح عوامی خدمت کے منصوبے تیار کرتی تو آج وہ بھی فیتے کاٹنے کے قابل ہوجاتی ‘سیاست میں پی ٹی آئی جو بو رہی ہے ‘2018کے الیکشن میں وہی کاٹے گی ۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ابھی بھی ڈیڑھ سال کا وقت باقی ہے ‘پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں اگلے ڈیڑھ سالوں میں تیزی سے عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبے مکمل کر لے‘اچھی فصل لگے گی تو پھل بھی اچھا ہی ملے گا ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان سوچ لے کہ پانامہ لیکس کے کیس کے بعد وہ کیا کریں گے ۔وزیر مملکت نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام مایوس نہ ہوں ‘وزیراعظم محمد نواز شریف نے خیبرپختونخوا کے عوام کے لئے صحت عامہ کا پروگرام دیا اور جمہوری حکومت کی مدت مکمل ہونے تک صوبہ کے عوام کے لئے مزید منصوبے بھی شروع ہونگے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سپر یم کورٹ کے ججز نے ہدایت دی تھیں کہ عدالت کے اندر ہونے والی کارروائی بالخصوص سوالات کو باہر زیر بحث نہ لایا جائے ‘آج پھر پی ٹی آئی نے صرف ایک لائن جو ان کے حق میں تھی، وہ میڈیا کے سامنے رکھ کرعدالت کے باہر عدالت لگائی ہے لیکن پوری بات نہیں بتائی کہ کس تناظر میں یہ بات ہوئی ہے تاہم وزیرمملکت نے واضح کیا کہ مسلم لیگ ن عدالت کا احترام ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ایسا نہیں کریں گی ۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے ایم این اے دانیال عزیز نے اس موقع پر کہا کہ جس دن ہمارے وکلاء کو دلائل کا موقع ملا اس دن سارا کیس صاف ہوجائے گا۔دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ نعیم بخاری عدالت کے کسی سوال کا جواب نہیں دے سکے کیونکہ تحریک انصاف کے وکیل عدالت کے سوال پر حواسہ باختہ ہوجاتے ہیں، مریم نواز سے متعلق دلائل میں نعیم بخاری حواس باختہ ہوگئے اور ان کی ایسی حالت تھی جیسے مچھلی پانی سے باہر آچکی ہو تاہم جس دن ہمارے وکلاء کو دلائل کا موقع ملا اس دن سارا کیس صاف ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے مختلف ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں، ماضی میں الیکشن میں دھاندلی کی رٹ لگائی گئی لیکن الیکشن کمیشن کے اہلکار افضل خان نے بعد میں معافی مانگی لہذا صرف الزامات لگانے سے کام نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ قلابازی خان کا نام کسی وجہ سے دیا گیا ہے کیونکہ عمران خان یو ٹرن کے ماسٹر ہیں اور ہم ان کا اصل چہرہ بے نقاب کرکے دکھائیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور وزیر مملکت برائے کیڈطارق فضل چوہدری نے کہاکہ پی ٹی آئی بہت اہم کیس عدالت کے بجائے میڈیا پر لڑنے کی کوشش کررہی ہے، ہم میڈیا پر پی ٹی آئی کے الزامات کاجواب دینے آتے ہیں ،مسلم لیگ ن عدالت عظمیٰ کااحترام کرتی ہے، مسلم لیگ (ن) اسی عدالت کے سامنے سرخرو ہوگی اور جھوٹ کی سیاست کو ایک بار پھر شکست ہوگی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات