فوجی عدالتوں میں توسیع کے معاملے پر حکومت نے پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس (کل) طلب ،ْ پی ٹی آئی بھی شریک ہوگی

پیر 9 جنوری 2017 23:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2017ء)فوجی عدالتوں میں توسیع کے معاملے پر حکومت نے پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس (کل) منگل کو طلب کر لیا ہے جس میں پی ٹی آئی بھی شریک ہوگی ۔نجی ٹی وی کے مطابق فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع کیلئے مشاورت پر پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق کرینگے۔

(جاری ہے)

اپوزیشن جماعتوں نے معاملے پر مشترکہ موقف اختیار کرنے کیلئے باہمی صلاح و مشورے کا فیصلہ کیا ہے ،ْفوجی عدالتوں میں توسیع پر تحریک انصاف نے اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کر لیے۔ شاہ محمود قریشی پارلیمانی اجلاس سے پہلے اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں پیپلزپارٹی کی قیادت سے ملیں گے۔ انہوں نے کہا تمام اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت کے بعد مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔ مسلم لیگ (ق )کے طارق بشیر چیمہ نے بھی معاملے پر اصولی اتفاق کیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور فاروق ستار سے بھی رابطہ کیاگیا ہے۔