بلوچستان میں حکومت اور بیورو کریسی کے مابین مثالی تعلقات ہیں ،میر عبدالکریم نوشیروانی

چیف سیکرٹری بلوچستان حکومت کو احسن طریقے سے سپورٹ کررہے ہیں،نتائج مثبت آئیں گے ، رکن صوبائی اسمبلی

پیر 9 جنوری 2017 23:39

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2017ء) مسلم لیگ (ق) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حکومت اور بیورو کریسی کے مابین مثالی تعلقات ہیں جس کی بنیادی وجہ چیف سیکرٹری بلوچستان ہیں جو پُل کا کام کررہے ہیں اور بلوچستان کی سیاسی حکومت کو کندھا دے رہے ہیں جس کے باعث مخلوط حکومت کی کارکردگی انتہائی شاندار ہے۔

چیف سیکرٹری پر تنقید کو ہم اپنی حکومت پر تنقید تصور کرتے ہیں اور کسی کو بلاجواز تنقید کی اجازت نہیں دیں گے۔ یہ بات انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ بلوچستان میں موجودہ چیف سیکرٹری سیف الله چٹھہ کے کارنامے اور کارکردگی نمایاں ہے ان کی بہتر حکمت عملی اور ٹیم ورک کے نتیجے میں آج امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور صوبہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ جو لوگ چیف سیکرٹری پر بلا جواز تنقید کررہے ہیں وہ صوبے میں امن اور ترقی نہیں چاہتے انہوں نے مزید کہا کہ جب سے سیف الله چٹھہ نے چیف سیکرٹری کا عہدہ سنبھالا ہے اُنہوں نے بڑی ایمانداری اور نیک نیتی سے اپنے فرائض انجام دیئے ہیں ان کے ہاتھ صاف ہیں وہ صوبے کی ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں لیکن بعض عناصر کو ان کی یہ صلاحیتیں اور کارکردگی ایک آنکھ نہیں بھارہیں اسی لئے وہ بلا جواز ان پر تنقید کررہے ہیں ان پر تنقید دراصل موجودہ صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ نواب زہری پر تنقید ہے جسے ہم برداشت نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری بلوچستان موجودہ صوبائی حکومت کو جس احسن طریقے سے سپورٹ کررہے ہیں اس کے مثبت نتائج حکومت کی کارکردگی کے طور پر سامنے آرہے ہیں جو کہ خوش آئند بات ہے۔