مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر برطانوی وکینیڈین ارکان پارلیمنٹ کی تشویش درست ہے،میاں مقصود احمد

پیر 9 جنوری 2017 23:37

اسلام آباد ۔09جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2017ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے برطانوی وکینیڈین ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے تشویش کو درست قراردیتے ہوئے کہاہے کہ ہندوستان وادی میں بربریت کی انتہاکرچکا ہے۔ دہلی نے حقائق کا ادراک اور کشمیریوں کوحق خود ارادیت نہ دیا تو نتائج تباہ کن ہوں گے۔

جماعت اسلامی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ برھان مظفر وانی کی شہادت کے بعد سے احتجاج کا شروع ہونے والا سلسلہ شدید سردموسم کے باوجود جاری ہے جوکہ اس بات کاثبوت ہے کہ ہندوستان کشمیریوں کی آزادی سلب نہیں کرسکتا اور وہ ان کی آوازدبانے میں بری طرح ناکام ثابت ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ سابق بھارتی وزیر خارجہ یشونت سنہا کی سربراہی میں’’فیکٹ فائنڈنگ مشن ٹیم‘‘کی جاری کردہ رپورٹ اس بات کاکھلم کھلا اعتراف ہے کہ بھارت اپنے مذموم مقاصد میں ناکام ہوچکا ہے اور آزادی کانعرہ مقبوضہ کشمیر کے کونے کونے میں پہنچ چکا ہے۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے اور اس خطے میں بسنے والے تین کروڑ سے زائد کشمیری صرف پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں۔جنوبی ایشیامیں قیام امن کاخواب مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ممکن نہیں۔کشمیر تقسیم برصغیر کااھوراایجنڈاہے۔میاں مقصود احمد نے مزید کہاکہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازشیں کررہا ہے۔اب تک 20ہزار سے زائد ہندوخاندانوں کوشہریت دے کر آباد کیاجاچکا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپورانداز میں اٹھائے۔پاکستان کی20کروڑ عوام کشمیریوں کی اخلاقی اور سیاسی حمایت ہمیشہ کرتے رہیں گے۔