سی پیک منصوبہ پاکستان کے محفوظ اور خوشحال مستقبل کی نوید ہے،حکومت پنجاب نے مستقبل کے تقاضوں کا ادراک کرتے ہوئے ادارہ جاتی پلاننگ شروع کر دی ہے،صوبائی وزیر سید رضا علی گیلانی

پیر 9 جنوری 2017 23:36

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2017ء) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کے محفوظ اور خوشحال مستقبل کی نوید ہے۔ ایک نیا مستقبل پاکستان کے دروازے پر دستک دے رہا ہے۔ اس حوالے سے حکومت پنجاب نے مستقبل کے تقاضوں کا ادراک کرتے ہوئے ادارہ جاتی پلاننگ شروع کر دی ہے۔ اس ضمن میں طالب علم تعلیم سے لیس ہو کر مستقبل کے امکانات سے فائدہ اُٹھائیں۔

یہ بات اُنہوں نے بلوچستان کے دورے پر جانے والے مختلف جامعات کے طالبعلموں سے پنجاب یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری مشترکہ پہچان ہے ہمیں اس بات کا ادراک کر لینا چاہیے کہ پاکستانی بہترین قوم ہیں لہٰذا طالب علم قومی افتخار کو ہمیشہ مقدم رکھیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ دنیا ہماری طرف دیکھ رہی ہے اور سی پیک کی بدولت پاکستان ایشیاء کا اہم پلیئر بن چکا ہے مگر گلوبل اکانومی میں اپنا حصہ وصول کرنے کے لیے ہمیں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہوگا۔

اُنہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ پاکستانی جامعات کیو ایس ریکنگ کے تحت دنیا کی 500 بہترین جامعات میں شامل ہوں۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو ریگولرائز کیا جائے کیو نکہ تعلیم بزنس نہیں بلکہ ایک مقد س مشن ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں اُنہوں نے کہا کہ سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کے اختیارت کم نہیں کیے جا رہے بلکہ ان میں اضافہ کیا جائے گاتاکہ وہ بہترین انداز میں ڈیلیور کر سکیں۔دوسری جانب اعلیٰ تعلیم کے اداروں کو منشیات سے محفوظ رکھنے کے لیے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے تاکہ سرکاری و نجی جامعات کے طالب علم نشہ سے محفوظ رہیں۔