پلی بار گین کرنیوالوں پر تاحیات پابندی کے صدارتی آرڈیننس کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہیں،پیر سید ولی اللہ شاہ بخاری

اتوار 8 جنوری 2017 23:40

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2017ء)پاکستان مسلم لیگ (ن)علماء و مشائخ ونگ (پنجاب)کے صدر معروف دینی وروحانی راہنماالحاج پیر سید ولی اللہ شاہ بخاری نے سمن آباد میں علماء و مشائخ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پلی بار گین کرنیوالوں پر تاحیات پابندی کے صدارتی آرڈیننس کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن پر تاحیات نااہلی انتہائی خوش آئند اقدام ہے اس آرڈیننس کی رو سے پلی بار گین کرنیوالا الیکشن لڑ سکے گا نہ سرکاری عہدے پر قائم رہ سکے گا‘ اس اقدام سے جہاں کرپشن کو روکنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی وہاں پر کرپشن کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جاسکے گی ۔

صدر علماء و مشائخ نے کہا کہ کرپشن معاشرے کا ایک ناسور بن چکی ہے اس طرح کے سخت اور عملی اقدامات سے ہی اس لعنت کا خاتمہ ممکن ہے نیز پیر ولی اللہ شاہ نے حکومت کی طرف سے سوئس بینکوں سے پاکستانیوں کی رقوم کی واپسی کے لئے اطلاعات کے تبادلے کے معاہدے سے لوٹی گئی قومی دولت باہر کے بینکوں میں جمع کرانیوالوں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکے گی اور قوم کا پیسہ لوٹنے والوں کا کڑا احتساب ممکن ہوسکے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے کرپشن کیخلاف قانون سازی کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ کرپشن کے خاتمے میں مخلصانہ کوششیں کررہی ہے اور کرپشن کیخلاف عملی اقدامات اٹھا کر کروڑوں پاکستانیوں کے دل جیت لئے ہیں جسکا جتنا بھی خیر مقدم کیا جائے کم ہے۔