تین روزہ سرتیوں سنگ کرافٹس میلہ اختتام پذیر ہوگیا

ہنرمند خواتین کو مڈل مین سے نجات ملے گی‘ سیکرٹری سماجی بہبود ڈاکٹر شیریں مصطفیٰ ناریجو

اتوار 8 جنوری 2017 21:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2017ء) سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن (سرسو) کی جانب سے کلفٹن کے شاپنگ مال میں منعقدہ تین روزہ ’’چوتھی سرتیوں سنگ کرافٹس میلہ‘‘ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ میلے میں ملکی اور غیر ملکی شہریوں سمیت سینکڑوں خاندانوں نے ثقافتی میلہ کا رخ کیا اور اپنے رشتہ داروں و دوستوں کے لئے تحائف کی خریداری کی اور دیہی علاقوں کی خواتین کی ہنرمندی کو بیحد سراہا۔

اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق شہریوں نے ہاتھ سے بنی گھریلو مصنوعات، ملبوسات، اجرک، فرنیچر، ڈیکوریشن پیسز، خالص چمڑے سے بنے خصے، ہینڈ بیگ، بیڈ شیٹس اور دیگر ثقافتی اشیاء میں بھرپور دلچسپی لی۔ اس موقع پر لوک فنکاروں نے گیت اور روایتی رقص بھی پیش کیا۔

(جاری ہے)

میلے میں گل خاتون، بادشاہ زادی، امتیاز خاتون، مائی سومری، رحمت خاتون اور دیگر ہنر مند خواتین کا کام رکھا گیا تھا۔

شہریوں نے کہا کہ اس قسم کے ایونٹس تسلسل کے ساتھ منعقد کئے جائیں تاکہ دیہی علاقوں کی ہنرمند خواتین کو بااختیار بنایا جائے اور انہیں اپنی محنت کا مناسب معاوضہ مل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے سندھ کی ثقافت کو بھی فروغ ملے گا۔ اس موقع پر محکمہ سماجی بہبود سندھ کی سیکرٹری اور سرسو کے بورڈ آف ڈائریکٹر کی ممبر ڈاکٹر شیریں مصطفیٰ ناریجو نے کہا کہ سندھ حکومت کی مالی معاونت سے دیہی علاقوں میں غربت کے خاتمے، ثقافتی ہنرمندوں کی حوصلہ افزائی کے لئے سرسو کا قیام عمل میں لایا گیا، اس وقت اپر سندھ کے 10 اضلاع جیکب آباد، کشمور، گھوٹکی، شکارپور، سکھر، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، خیرپور، نوشہرو فیروز اور شہید بے نظیر آباد میں غربت کے خاتمے کے پروگرام جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنا کر ہی معاشرے میں حقیقی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرتیوں سنگ کرافٹس کے تحت خواتین کو بہترین مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں جس سے مڈل مین کا کردار ختم کیا گیا ہے تاکہ ہنرمند خواتین کو ان کی محنت کا صلہ مل سکے۔ سرسو کے سی ای او ڈاتل کلہوڑو نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت 8 ہزار خواتین کو بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران خواتین کی تیار کی گئی اشیاء سے 1.8316 ملین روپے آمدنی ہوئی جس میں سے 0.76422 ملین روپے خواتین کو منافع دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سرتیوں سنگ کرافٹس میلہ قومی اور عالمی سطح پر بھی منعقد کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :