Live Updates

پاناما کیس میں انصاف مل گیا تو پاکستان بدل جائے گا، عمران خان

میں نے آج سے 18 سال پہلے نوازشریف کے مے فیئر کے فلیٹس کے خلاف مظاہرہ کیا تھا تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا بہاولپور میں جلسہ عام سے خطاب

اتوار 8 جنوری 2017 17:53

پاناما کیس میں انصاف مل گیا تو پاکستان بدل جائے گا، عمران خان

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔8جنوری۔2017ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ پاناما کیس پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا، اگر اس کیس میں انصاف مل گیا تو پاکستان بدل جائے گا۔ بہاولپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کو جواب دینا ہے کہ مریم نواز کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آیا۔

انہوں نے کہا کہ ' جو شخص جس شعبے میں محنت کرتا ہے اس کا ماہر ہوجاتا ہے، نوازشریف نے 30 سال کرپشن میں اتنی محنت کی کہ وہ کرپشن میں ماہرہوگئے'۔ عمران خان نے کہا کہ 'مولانا فضل الرحمٰن نواز شریف کو بچاسکیں گے نہ ہی اپنے آپ کو، جو پیسہ عوام پر خرچ ہونا چاہیے وہ کرپٹ لوگوں کے بچوں کی جیبوں میں جارہا ہے'۔ عمران خان نے کہا کہ 'آج ہر پاکستانی پر ایک لاکھ 20 ہزار روپے کا قرض چڑھ چکا ہے، اگر ملک دیوالیہ ہوگیا تو آپ لوگوں کا کیا بنے گا، کرپٹ سیاستدان تو باہر بھاگ جائیں گے'۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 'میں نے آج سے 18 سال پہلے نوازشریف کے مے فیئر کے فلیٹس کے خلاف مظاہرہ کیا تھا'۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ 'پورے پنجاب کے ترقیاتی بجٹ کا 57 فیصد لاہور پر خرچ ہوتا ہے'۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی خراب کارکردگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگ مجھ سے پوچھ رہے ہیں کہ پاکستانی ٹیم کیوں اتنی بری طرح ہاری۔

عمران خان نے کہا کہ 'پاکستان ٹیم اس لیے نہیں ہارتی کہ یہاں ٹیلنٹ نہیں ہے، ٹیلنٹ بہت ہے، ہندوستان چھ گنا بڑا ملک ہے لیکن پاکستانی بولرز ہمیشہ بہتر ہوتے ہیں، پاکستان میں کرکٹ کا سسٹم نہیں ہے'۔ انہوں نے کہا کہ 'ہم اپنے ٹیلنٹ کو پالش نہیں کرسکتے، فکر نہ کریں، تحریک انصاف کی حکومت آئے گی تو میں کرکٹ اور کھیلوں کا نظام ٹھیک کرکے دکھاؤں گا، وعدہ کرتا ہوں دنیا کی کوئی ٹیم پاکستان کو نہیں ہرا سکے گی'۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات