صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کا ہفتہ کی رات ضلعی ہسپتال اوکاڑہ کا اچانک دورہ

صرف دو ڈاکٹر ڈیوٹی پر موجود ،دستیاب ادویات کے باوجود مریضوں سے ادویات بازار سے منگوانے کاانکشاف وزیرصحت کا عملے پر انتہائی برہمی کا اظہار ، 48 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کر لی

ہفتہ 7 جنوری 2017 23:07

لاہور/اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جنوری2017ء) صوبائی وزیر برائے پرائمری و سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ساؤتھ سٹی اوکاڑہ کا دورہ کیا ۔ صوبائی وزیر نے ہسپتال کے مختلف شعبوںاور وارڈوں کا معائنہ کیا ۔ خواجہ عمران نذیر یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ 125 بستروں کے ہسپتال میں صرف دو ڈاکٹر ڈیوٹی پر موجود تھے جبکہ مردانہ و زنانہ میڈیکل وارڈ میں کوئی ڈاکٹر موجود نہ تھا۔

خواجہ عمران نذیر نے صورتحال پر انتہائی برہمی کااظہار کرتے ہوئے فوری طور پر مریضوں کو دوسرے ہسپتال میں منتقل کرنے کی ہدایت کی۔دورے کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا کہ ہسپتال میں ادویات موجود ہونے کے باوجود مریضوں کو ادویات لکھ کر دی جارہی تھیں ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت نے ادویات کی لوکل پرچیز کا ریکارڈ طلب کیاجو موجود نہیں تھا ۔ صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ کو ہدایت کہ ڈاکٹروں کی غیر حاضری ، ہسپتال میں ادویات دستیاب ہونے کے باوجود مریضوں سے ادویات مارکیٹ سے منگوانے اور دیگر انتظامی امور کے بارے میں فوری طور پر انکوائری کی جائے اور تفصیلی رپورٹ 48 گھنٹے کے اندر انہیں پیش کی جائے ۔

انہو ںنے کہاکہ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں تمام ذمہ داران کے خلاف سخت ایکشن لیاجائے گا ۔

متعلقہ عنوان :