متعلقہ افسران انسداد پولیو مہم میں غفلت برتنے والی لیڈی ورکرز کے خلاف کارروائی کریں ،عذرا پیچوہو

ہفتہ 7 جنوری 2017 23:04

حیدرآباد - (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2017ء) چیئرپرسن پراوینشل اوور سائٹ اینڈ کوآرڈینیشن سیل فار آل پبلک ہیلتھ اینڈ پرائمری ہیلتھ کیئر پروگرام عذرا پیچوہو نے انسداد پولیو اور دیگر بیماریوں سے بچائو کیلئے مختلف مہم میں حصہ لینے والے محکمہ صحت کے افسران و عملے کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دیں ۔

انہوں نے اس ضمن متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ انسداد پولیو اور دیگر بیماریوں سے بچائو کی مہم میں کام نہ کرنے یا غفلت برتنے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز اور دیگر عملے کے خلاف کارروائی کریں جب کہ کارروائی نہ کرنے والے متعلقہ افسران کے خلاف ایکشن لیا جائے گا ۔وہ آج شہباز ہال شہباز بلڈنگ حیدرآباد میں ڈویزنل ٹاسک فورس اور انسداد پولیو سے متعلق کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہیں تھیں ۔

(جاری ہے)

عذرا پیچوہو نے حیدرآباد ڈویزن کے محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ پانچ سال تک کی عمر تک کے ایسے بچوں پرخصوصی توجہ دیں جو انسداد پولیو کے قطرے پینے سے رہ گئے ہوں اور اس کے علاوہ انسداد پولیو کے قطرے پلوانے سے انکارکرنے والے والدین کو آمادہ کرنے پر بھی بھر پور توجہ دی جائے ۔انہوں نے بچوں کو معمول کے حفاظتی ٹیکے لگانے کے عمل کو بھی بہتر بنانے پر زور دیا ۔

انہوں ڈویزن کے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ پولیو مہم اور حفاظتی ٹیکے سے متعلق اپنے مائیکرو پلان کو درست اور اپ ڈیٹ کریں اور انسداد پولیو مہم اور دیگر حفاظتی ٹیکوں کے متعلق بلکل درست اعداد و شمار دیں اور اس ضمن میں جو بھی مسائل اور دشواریاں ہیں تو اس سے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا جائے تاکہ بہتر نتائج حاصل کئے جاسکیں۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو انسداد پولیو مہم میں حصہ لینے والے عملے کی بہتر تربیت کرائے جانے کی بھی ہدایت کی تاکہ مہم کے دوران قطرے پینے والے بچوں کی انگلی پر نشان لگائے جانے اور دیگر مسائل سے نمٹا جاسکے ۔اس کے علاوہ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ایک ضلع سے دوسرے ضلع کو ملانے والی بائونڈری پر رہائش پذیر بچوں اور وہاں دیگر مقامات سے آنے والے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے پر توجہ دیں کیونکہ ان علاقوں میں اکثر بچے باہر سے آتے اور جاتے ہیں ۔

اجلاس میں محکمہ ہیلتھ کے متعلقہ افسران و عملے کے درمیان قریبی رابطہ استوار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ۔قبل ازیں حیدرآباد ڈویزن کے ڈپٹی کمشنرز ، ڈی ایچ اوز اور دیگر متعلقہ افسران نے اپنے اپنے اضلاع میں انسداد پولیو مہم اور دیگر بیماریوںسے بچائو کیلئے حفاظتی ٹیکے لگائے جانے کے متعلق تفصیلات بتائیں ۔اجلاس میں انسداد پولیو کے متعلق نیشنل اسٹینڈنگ کمیٹی کی رکن شہناز وزیر علی ، ڈویزنل کمشنر حیدرآباد قاضی شاہد پرویز، ایمرجنسی آپریشن سیل سندھ کے انچارج فیاض جتوئی ، ڈویزن کے تمام ڈپٹی کمشنرز ، ڈی ایچ اوز، عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ، محکمہ تعلیم اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :