فیصل آباد، چناب کلب کامتاثرہ سماعت بچوں کیلئے 25 لاکھ روپے کا عطیہ

ہفتہ 7 جنوری 2017 23:04

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جنوری2017ء) ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی خصوصی کاوش کے تحت خصوصی تعلیم کے سرکاری اداروں میں زیر تعلیم گونگے ‘ بہرے بچوں میں 251آلہ سماعت تقسیم کئے گئے ہیں جس کے لئے چناب کلب کی طرف سے 25 لاکھ روپے سے زائد کا عطیہ فراہم کیا گیا ہے ۔ متاثرہ سماعت ‘ بچوں میں آلہ سماعت تقسیم کرنے کی رنگا رنگ تقریب نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر سلمان غنی مہمان خصوصی تھے جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( ریونیو ) محمد شاہد ‘ اسسٹنٹ کمشنر ( جنرل ) مہر شفقت الله مشتاق ‘ ڈی او سپیشل ایجوکیشن چوہدری عبدالحمید ‘ مقامی مخیر افراد شکیل انور ‘ شہزاد صدیق ‘ زاہد آفتاب ‘ ہارون رفیق ‘ پروفیسر محمد اشرف ‘ اقبال ساجد ‘ حسن عسکری ‘ سپیشل ایجوکیشن سنٹر کے پرنسپلز ٹیچرز ‘ خصوصی بچے اور ان کے والدین تقریب میں موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کہا کہ کسی وجہ سے پیدائشی معذور یا کسی صلاحیت کی کمی کا شکار بچے معاشرے کی مشترکہ توجہ کے متقاضی ہیں اور انہیں خصوصی تعلیم کے ساتھ ضروری تربیت و بصارت فراہم کرکے زندگی کی دوڑ میں شامل رکھا جا سکتا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود اور بحالی کے لئے متعدد اقدامات اقدامات پر عمل پیرا ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کے بعد جن بچوں کی خصوصی آلہ کے ذریعے سماعت بحال کی جا سکتی تھی ان سب کو یہ آلہ سماعت فراہم کئے جارہے ہیں جو کہ وسیع بنیادوں پر خدمت اور فرض کی عمدہ مثال ہے ۔ انہوں نے چناب کلب کی ایگزیکٹو کمیٹی اور دیگر مخیر حضرات کے فیاضانہ تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خصوصی بچوں کو آلہ سماعت کی سہولت فراہم کرنے کے نیک کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔

انہوں نے متاثرہ سماعت کی سننے کی صلاحیت کے ٹیسٹ اور دیگر ضروری انتظامی امور کو مکمل کرنے کے سلسلے میں محکمہ خصوصی تعلیم کے افسران کو سراہا ۔اس سے قبل ڈی او سپیشل ایجوکیشن چوہدری عبدالحمید نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کے جذبہ خدمت اور مخیر افراد کے گرانقدر تعاون اور ہمدردی کو سراہا ور کہا کہ جن والدین کے بچے آلہ سماعت کے ذریعے سننے اور بولنے کی صلاحیت حاصل کریں گے وہ مخیر حضرات کو ڈھیروں دعائیں دیں گے ۔

انہوں نے خصوصی بچوں کی بھلائی و ترقی کے لئے حکومت پنجاب کے انقلابی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ادارروں میں زیر تعلیم خصوصی بچوں کو آٹھ سو روپے ماہانہ وظیفہ دینے کے علاوہ انہیں پک اینڈ ڈراپ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے خصوصی بچوں کی تقریب میں بھر پور انداز میں دلچسپی سے شرکت کرنے پر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ تقریب کے دوران مختلف سنٹرز کے خصوصی بچوں نے بڑی مہارت و صلاحیت سے ملی نغمے ‘ خاکے ‘ ٹیبلو اور دیگر رنگا رنگ پروگرامز پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی

متعلقہ عنوان :