ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ آفس ڈاکٹر نصیر خاں کی فیصل آباد آمد

محکمہ جی پی او کے مظلوم ملازمین ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل اسلم کی کرپشن کیخلاف سراپا احتجاج، انتقامی کارروائیوں پر پھٹ پڑے اور شکایات کے انبار لگادئیے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کا ملازمین کے الزامات پر ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل کیخلاف فوری تحقیقات کا حکم

ہفتہ 7 جنوری 2017 23:04

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جنوری2017ء) ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ آفس ڈاکٹر نصیر خاں کی فیصل آباد آمد کے موقع پرمحکمہ جی پی او فیصل آباد کے مظلوم ملازمین ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل اسلم کی کرپشن کیخلاف سراپا احتجاج ، ملازمین ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سامنے ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل اسلم کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال اور ملازمین کیخلاف انتقامی کارروائیوں پر پھٹ پڑے اور شکایات کے انبار لگادئیے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے ملازمین کے الزامات پر ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل کیخلاف فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے یقین دلایا کہ ملازمین کے ساتھ انصاف ہوگا۔ آن لائن کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ آفس ڈاکٹر نصیر خاں کے دورہ کے موقع پر محکمہ کے ملازمین نے ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل اسلم کے بارے میں الزام لگایا کہ اس نے سرگودہا‘خوشاب کے ایک دن کے ٹی اے بل 54ہزار روپے پر دستخط نہ کرنے پر محمد ریاض کو شیخوپورہ ٹرانسفر کردیا۔

(جاری ہے)

جو ملازمین غلط کاموں میں اس کا ساتھ دینے سے انکار کرتے ہیں انکے خلاف انتقامی کارروائیوں پر اتر آتا ہے اور انہیں دور دراز علاقوں میں ٹرانسفر کردیتا ہے ملازمین نے کہا ہے کہ ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل افسر نہیں معاشی ٹارگٹ کلر ہے اور یہ ملازمین کا معاشی قاتل ہے۔ماضی میں یہ دو ماہ معطل رہ چکا ہے لیکن بحالی کے بعد پھر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے۔

ملازمین کے احتجاج کے دوران سابق سینئر پوسٹ ماسٹر فیصل آباد نے ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر نصیر خاں کو بتایا کہ ڈپٹی پی ایم جی اسلم خود کو خدا سمجھتا ہے۔اسکے سامنے قانون اور انصاف کی کوئی حیثیت نہیں۔اسکے غلط کاموں میں شریک نہ ہونے کا نتیجہ یہ نکلا کہ اس نے مجھے فیصل آباد سے ٹرانسفر کردیا۔ایس آر سی خوشاب مسٹر احمد سعید خاں نے ڈاکٹر نصیر خاں کو بتایا کہ انہوں نے زندگی بھر اپنی سروس ایمانداری اور میرٹ پر کی ہے۔

محکمہ کے ساتھ نہ کبھی فراڈ کیا اور نہ چوری کی لیکن ڈپٹی پی ایم جی اسلم کو انکی ایمانداری اور اصول پسندی کھٹکتی ہے اور اس نے بلا وجہ انہیں خوشاب تبدیل کردیا انکے خلاف انکوائری پر انکوائری لگا دی انکی بے گناہی کے باوجود ڈپٹی پی ایم جی کی تسکین نہیں ہو رہی۔ملازمین نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کو مزید بتایا کہ ڈپٹی پی ایم جی اسلم نے ایم ایس ٹی (ایف)ڈویژن کے ہیڈ کلرک کی سیٹ پی ایم جی کے اختیارات استعمال کرتے ہوئے فیصل آباد سے خوشاب تبدیل کردی ہے اور فیصل آباد کے ملازمین کا حق مار کر جونیئر سٹاف کو پرانی تاریخوں میں سینئر پوسٹوں پر لگا دیا ہے جس پر فیصل آباد ریجن کے ملازمین بھی سراپا احتجاج ہیں۔

تمام سٹاف نے فوری طور پر ڈپٹی پی ایم جی کو تبدیل کرکے انکوائری کا مطالبہ کیا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے جلد ان مبینہ ناانصافیوں کیخلاف کارروائی کرنے کا یقین دلایا