شہر اقبال ؒ میں ٹریفک مسائل کومستقل بنیادوں پر حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ماسٹر پلان تیار کیا جائے،وزیر دفاع پانی و بجلی خواجہ محمد آصف

ہفتہ 7 جنوری 2017 22:59

سیالکوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2017ء) وفاقی وزیر دفاع پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ شہر اقبال ؒ میں ٹریفک کے مسئلہ کومستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے میئر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ توحید اختر چودھری ہنگامی بنیادوں پر ٹریفک مینجمنٹ کا ماسٹر پلان تیار کریں،شہر کے تمام بازاروں اور سڑکوں پر ٹف ٹائیلز لگا کر ان کو خوبصورت بنا دیا گیا تاہم تجاوزات اور بے ہنگم ٹریفک شہر کی خوبصورتی پر بدنما داغ ہیںجس کے باعث شہریوں کا پیدل چلنا بھی محال ہوچکا ہے ‘ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے تجاوزات کا خاتمہ ناگزیر ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں جناح ہال قلعہ میں مرکزی انجمن تاجراں اور ذیلی تاجر تنظموں کے نمائندگان کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، میئر میونسپل کارپویشن توحید اختر چودھری، ڈپٹی میئر چودھری بشیر احمد، اراکین صوبائی اسمبلی چودھری محمد اکرام ،چودھری ارشد وڑائچ، صدر مرکزی انجمن تاجراں حاجی مہر غلام مجتبیٰ اور جنرل سیکرٹر ی حاجی احسان الحق بٹ کے علاوہ ممبران ایم سی ایس بھی موجود تھے ، وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے لہائی بازار سیالکوٹ میں پختہ تجاوزات کو رضا کارانہ طور پر گرانے پر انجمن تاجراں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید کا اظہارکیا کہ وہ حسب روایت تجاوزات کے خاتمہ میں انتظامیہ کا ساتھ د یں گے ۔

(جاری ہے)

خواجہ محمد آصف نے ٹریفک وارڈنز اور ٹریفک پولیس کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے ذمہ داریوں کا ادراک کریں اور اپنے فرائض منصبی عوامی خدمت کے جذبہ سے پوری دیانت داری سے انجام دیں ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ون ویلنگ کی جان لیوا رجحان کی حوصلہ شکنی کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ سیالکوٹ لاہور موٹر وے کے ڈیزائن کا کام تیزی سے جاری ہے جس کے نتیجے میں ایک خوبصورت روڈ عوام کو میسر آئے گی ۔

خواجہ محمد آصف نے توحید اختر چودھری کو میئر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ وہ شہر کی خدمت کیلئے خلوص نیت سے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے ۔ میئر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ توحید اختر چودھری نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے ماسٹر پلان تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے روڈ انجینئرنگ اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے علاوہ ون وے روڈ پر قانونی طور پر عمل در بھی یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے ۔

شہر میں ٹریفک سائن اور اشاروں کی حالت زار کو بدلا جائے گا اور اس سلسلہ میں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی مدد بھی حاصل کی جائے گی ۔ تقریب سے مرکزی انجمن تاجراں سیالکوٹ کے صدر مہر غلام مجتبیٰ نے بھی خطاب کیا اور تجاوزار ت کے خاتمہ شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے حکومت اور انتظامیہ کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔